سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائی ،کالعدم تنظیموں کے5مبینہ دہشت گرد گرفتار

ہفتہ 21 مئی 2022 23:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2022ء) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کارروائی کر کے کالعدم تنظیموں کے5مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 22انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکیے جس میں 23 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ ،دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا۔

گرفتار دہشت گردوں میں کالعدم بلوچستان نیشلسٹ آرمی(بی این اے)کے 2 ارکان عبدالرزاق اورثنا اللہ، تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کے 2 ارکان لال زادہ اورمحمدعمران جبکہ (ٹی جی آئی) تنظیم کا ایک رکن محمد ابو سفیان شامل ہیں،ان مبینہ دہشت گردوں کے قبضہ سے دھماکہ خیز 570 گرام، 1 آئی ای ڈی، حفاظتی فیوز 7 فٹ، 1 ہینڈ گرنیڈ، 4 نان الیکٹرک ڈیٹونیٹر، 1 پستول 30 بور معہ 7 گولیاں، 11 ممنوعہ کتابچے، کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا ایک پرچم 5 موبائل فونز، 1 گاڑی (ٹرک)،23490روپے نقدی برآمد کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات،دہشتگردانہ کارروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے ،مبینہ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کی مدد سے431 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، ان کومبنگ آپریشنز کے دوران16169افراد کو چیک کیا گیا، 99 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور 33 بازیابیاں کے ساتھ ساتھ73 ایف آئی آر درج کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ،دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن پر کال کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں