جنگل اور جنگلی حیات بچانے کیلئے مقامی مکینوں اور نمبر داروں سے تعاون لینے کا فیصلہ، جنگلی فانا اور فلورا والے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری

منگل 24 مئی 2022 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) قیمتی جنگلی فانا اور فلوراکے تحفظ کے حکومتی وژن اور سیکرٹری جنگلات،جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب شاہد زمان کی صوبہ میں قدرتی دولت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی کے پیش نظر محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب اورمحکمہ جنگلات پنجاب کو مقامی آبادی کے اشتراک سے تعاون کی فراہمی کیلئے ایک خصوصی مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جنگل اور جنگلی حیات سے مزین علاقوں کے مضافات میں رہنے والی مقامی آبادی اور نمبرداروں کوجنگلات اور جنگلی حیات بچانے کی ذمہ داری تفویض کرنے کیلئے ان سے ملاقات کریں اور اس قیمتی اثاثہ کے تحفظ اور بقا کیلئے مشترکہ کوششوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ حکومت کے متعین اہداف کا حصول ممکن ہو۔

(جاری ہے)

صوبہ کے اٹھارہ اضلاع قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد،جھنگ، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ،بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولنگر،رحیم یارخان،راجن پور، مظفر گڑھ، لیہ،ساہیوال، خوشاب،میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز کو لکھے جانیوالے مراسلے کے ساتھ ان اضلاع کے ان دیہاتوں اور نمبرداروں کی فہرست بھی دی گئی ہے جہاں یہ اہم جنگلات اور پلانٹیشن واقع ہیں جبکہ فیلڈ فارمیشنز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انہیں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے عمل میں شامل کریں۔

مزید برآں جنگلی فانا اور فلوراکے تحفظ کیلئے ان اہم اقدامات کی روشنی میں محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے بھی صوبہ میں اپنے تمام ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کی پیروی کے سلسلہ میں صدر دفترلاہور کو عملدرآمد رپورٹ پیش کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں