سیاسی طور پر اسلام آباد میں قلعہ بند شریف زرداری گینگ عمران خان کے خوف سے بوکھلا چکا ‘ عمر سرفراز چیمہ

گر وفاقی حکومت نے ہمیں دیوار سے لگایا تو نتائج کے ذمہ دار یہ خود ہوں گے‘ مشیر اطلاعات پنجاب کا بیان

بدھ 10 اگست 2022 15:15

سیاسی طور پر اسلام آباد میں قلعہ بند شریف زرداری گینگ عمران خان کے خوف سے بوکھلا چکا ‘ عمر سرفراز چیمہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2022ء) مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ درجن بھر پی ڈی ایم ٹولہ ایک سیاسی اکٹھ نہیں، بلکہ فاشسٹ مافیا ہے جو جمہوریت کا دعویدار تو ہے لیکن مخالفین کی آواز دبانے اور میڈیا کی آزادی پر قدغن لگانے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے،اس ٹولے کا حکومت میں آنے کا مقصد محض اپنی لوٹ مار کو بچانا اور اپنے لیے کرپشن کے نت نئے مواقع پیدا کرنا ہے جس کا اظہار اس ٹولے کی گزشتہ ڈھائی تین ماہ کی حکومتی کارکردگی ہے، لیکن سب نے دیکھا کہ 17 جولائی کو قوم نے ان کے خوف کے بت توڑتے ہوئے اس امپورٹڈ حکومت کو یکسر مسترد کر دیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فسطائیت پر مبنی انکی حکومت نے ریاستی اداروں کا بہیمانہ استعمال کرتے ہوئے 25 مئی کو پر امن اور نہتے کارکنان پر بہیمانہ تشدد کیا اور چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔

(جاری ہے)

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ سیاسی طور پر اسلام آباد میں قلعہ بند شریف زرداری گینگ عمران خان کے خوف سے بوکھلا چکا ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ایک منتخب حکومت کے خلاف بیرونی سازشوں سے رجیم چینج اپریشن شروع کیا۔

ڈان لیکس اور میمو گیٹ سکینڈل کی پشت پر کھڑے یہی لوگ ہیں جو آج بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے مرتکب ہو کر ان کے جرائم کی نشاندہی کرنے والوں کو دہشت گردوں کی طرح گرفتار کر رہے ہیں۔ اس فاشسٹ ٹولے نے ملک دشمن عناصر کی ایما پر ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور سازشیں کیں۔ انہوںنے کہا کہ اعلی عدلیہ اس مافیا کے اقدامات کا فوری نوٹس لے۔ پاکستان تحریکِ انصاف ایک پر امن سیاسی جماعت ہے جس کا واحد مطالبہ عوامی مسائل کا حل اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔ اگر وفاقی حکومت نے ہمیں دیوار سے لگایا تو نتائج کے ذمہ دار یہ خود ہوں گے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف گزشتہ 26 سال سے ان سیاسی مافیاز کا مقابلہ کرتی آ رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں