لاہورکی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے اسد عمر کی عبوری ضمانت بحال کردی

بدھ 29 مارچ 2023 15:12

لاہورکی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے اسد عمر کی عبوری ضمانت بحال کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2023ء) لاہور کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے زمان پارک میں جلا ئوگھیرئوا اور پولیس پر تشدد ،پتھرائو اور پیٹرول بم پھینکنے کے الزام میں درج مقدمہ میں پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمر کی عبوری ضمانت بحال کرتے ہوئے اسد عمر کو نئے سرے سے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے سات اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے اسد عمر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج ابہر گل خان نے کیس کی سماعت کی ۔منگل کے روز سماعت پر عدالت نے حاضری معافی کی درخواست خارج کردی تھی جس میں اسد عمر کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا تھا کہ اسد عمر ایک مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے اور الیکشن کمیشن کے ایک کیس میں پیش ہونے کے لیے اسلام آباد گئے ہیں استدعا ہے کہ ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا بعد ازاں عدالت نے اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست خارج کردی اوروارنٹ گرفتاری جاری کردئیے تھے۔ بدھ کو سماعت پر اسد عمر وکیل کے ہمراہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے اور عبوری ضمانت کی بحالی کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے اسد عمر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے از سر نو 7اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو گرفتاری سے روک دیا ۔عدالت نے اسد عمر کو فوری ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کا حکم دیا اور پولیس تفتیشی افسر کے پاس شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم دے دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں