لاہورہائیکورٹ: پی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی کالعدم قرار، تمام افراد کو رہا کرنیکا حکم

جمعرات 1 جون 2023 22:54

لاہورہائیکورٹ: پی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی کالعدم قرار، تمام افراد کو رہا کرنیکا حکم
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2023ء) لاہور ہائی کورٹ نے لاہور سمیت پنجاب کے 11 اضلاع میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام افرادکو فوری طور پر رہا کرنیکا حکم دے دیا۔جسٹس صفدر سلیم شاہد نے درخواستوں پر 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں ڈاکٹریاسمین راشد سمیت دیگر افراد کی نظر بندی کے احکامات خلاف قانون قرار دے دیے ہیں۔

فیصلہ میں کہا گیا ہیکہ 9 مئی کے حیران کن واقعے نے پرامن اور جمہوری ملک کی مسخ شدہ تصویر پیش کی، امن و امان قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری تھی۔ عدالت نے لاہور، وزیرآباد، جھنگ، شیخوپورہ ، حافظ آباد، سیالکوٹ، منڈی بہائ الدین، گجرات، ننکانہ صاحب،گوجرانوالا اور نارووال میں پی ٹی آئی کارکنوں کی نظربندی کو کالعدم قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

فیصلے میں کہا گیا ہیکہ 9 مئی کو سیاسی لیڈرکی گرفتاری پر ملک بھر میں افسوسناک ردعمل آیا، حکومت نے 9 مئی کے واقعے پر بغیر سوچے سمجھے لاتعداد نظربندی کے احکامات جاری کیے، حکومت کے پاس شواہد موجود تھے تو فوجداری مقدمات میں گرفتاری کے لیے بہت وقت تھا۔

جسٹس صفدر سلیم شاہ کا کہنا ہیکہ گرفتار افرادکو الزامات کا پتہ تو ہو تاکہ وہ اپنا دفاع کرسکیں، بغیر مقدمات کے شہریوں کو اٹھا کر جیلوں میں ڈالنا افسوسناک ہے، ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی رپورٹ پر شہریوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا، ڈپٹی کمشنرز کا نظر بندی کا فیصلہ خود پبلک مینٹیننس آرڈیننس 1960 کے سیکشن3کی خلاف ورزی ہے، تمام نظر بند افرادکو فوری طور رہا کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں