سی سی پی اولاہور کی زیر صدارت اجلاس، عید الاضحٰی پرقانون کی علمداری اور پبلک سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیا گیا

پیر 17 جون 2024 14:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2024ء) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔جس میں عید الاضحٰی کے پیش نظرلا اینڈ آرڈر اور پبلک سروس ڈیلیوری سمیت مختلف پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عید الاضحٰی کے جامع سکیورٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سی سی پی او لاہور نے مویشی منڈیوں اور نمازِ عید کے اجتماعات کی فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جانے کے احکامات جاری کیئے ۔اجلاس میں زیر ِ التوا مقدمات کی بروقت تکمیل کیلئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی سی پی او لاہورنے مقدمات کے چالان کی تکمیل اورزیرِتفتیش مقدمات کوجلد نمٹانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات کا فوری اندراج، میرٹ پر تفتیش اور چالان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیر التوا مقدمات کی جلد از جلد یکسوئی کیلئے متعلقہ محکموں سے مربوط رابطے اور باہمی تعاون سے معاملات آگے بڑھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران انصاف کے متلاشی افراد کو فوری ریلیف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن ونگ کے افسران واہلکار جدید فرانزک سائنس اور روایتی مہارت سے کیسز کو حل کریں۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بہترین تفتیش سے ملزمان کوقرار واقعی سزائیں دلوانا لاہور پولیس کا اہم فریضہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے اپنے فرائض دیانتداری اور جانفشانی سے سر انجام دیں۔اجلاس میں ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن) ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(آگنائزڈ کرائم یونٹ) عمران کشور،ڈی آئی جی(آپریشنز) فیصل کامران، ایس ایس پی(انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، ایس ایس پی(آپریشنز) تصور اقبال،ایس پی(سی آر او) عقیلہ نیاز نقوی اور ڈویژنل ایس پیزبھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں