سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کیمپ جیل لاہور کا دورہ ، قیدی بچوں سے عید ملے اور انکے ہمراہ کھانا کھایا

پیر 17 جون 2024 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2024ء) سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے عید الاضحیٰ کا تمام دن فیلڈ میں گذارا۔ صبح بادشاہی مسجد میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد نور الامین مینگل نے ڈی سی آفس کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں سے شہر کے مختلف مقامات پر سکیورٹی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے سیکرٹری داخلہ کو شہر بھر میں انتظامات بارے بریفنگ دی۔

بعد ازاں سیکرٹری داخلہ نے ہوم ڈیپارٹمنٹ میں قائم سینٹرل کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صوبہ بھر سے آئی سپیشل رپورٹس کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری داخلہ نے صوبہ بھر میں نماز عید کی پر امن ادائیگی کی رپورٹس دیکھیں اور دیگر انتظامات بارے بریفنگ لی۔ سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے اس کے بعد کیمپ جیل لاہور کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

جیل میں انہوں نے قیدی بچوں سے عید ملی اور انکے ہمراہ کھانا کھایا۔

سیکرٹری داخلہ نے جیل میں بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ملاقاتی ایریا میں قیدیوں اور انکے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور انکے مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ملاقاتی ایریا کو مزید بہتر بنانے اور قیدیوں کے اہل خانہ کو سہولیات دینے کی ہدایت کی۔ آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر اور سپرٹنڈنٹ جیل بھی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ تھے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ہدایت کی کہ عید الاضحیٰ کیلئے جاری کیے گئے حکومتی احکامات اور دفعہ 144 کے تحت لاگو کی گئی پابندیوں پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں