خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس

پیر 16 ستمبر 2024 22:04

خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے شرکت کی۔اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب بھر کے امن و امان اور عید میلاد النبی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امن و امان بارے بریفنگ دی۔چیئرمین کابینہ کمیٹی و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بھرپور سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔حکومت پنجاب تمام اضلاع میں شرکاء کو مشروب اور مٹھائی پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی مکمل عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عید میلاد کے پرامن انعقاد کیلئے کسی نئی انوویشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

صوبہ بھر میں امن کمیٹیوں کی مشاورت کے ساتھ انتظامات مکمل کیے گئے۔انہوں نے کہاکہ تمام مرکزی جلوسوں کے روٹس اور محافل میلاد کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، کمشنر لاہور، آر پی او شیخوپورہ، ڈی سی لاہوراور ڈی آئی جی آپریشنز نے شرکت کی۔لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں