پیپلز پارٹی آئینی ترمیم کی بات عوام کیلئے کرتی ہے،راجہ پرویز اشرف

بدھ 9 اکتوبر 2024 22:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2024ء) سابق وزیر اعظم اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئینی ترمیم کی بات 25کروڑ عوام کیلئے کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹیریٹ ماڈل ٹائون میں سید حسن مرتضی،چودھری یاسین اور شہزاد سعید چیمہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پررانا جواد،میاں ایوب،آصف بشیر بھاگٹ،علامہ یوسف اعوان ،احسن رضوی،بشری مانیکا،ایڈون سہوترا بھی موجود تھے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب آئینی ترمیم کی بات کرتی ہے تو اسکے پیش نظر عدالتی اصلاحات ہوتی ہیں ،شہید بھٹو کیس میں ہمیں کئی برسوں کے بعد انصاف ملا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کی پاکستان پیپلز پارٹی آئینی ترمیم کی بات 25کروڑ عوام کیلئے کرتی ہے،اللہ کرے کہ بلاول بھٹو اس مشن میں کامیاب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مل بیٹھ کر سوچ و فکر کرنے کی ضرورت ہے،پیپلز پارٹی وسطی پنجاب توقع کرتی ہے کہ ساری سیاسی جماعتیں متفقہ عدالتی نظام لانے میں تعاون کرینگی۔انہوں نے کہا کہ اصلاحات کسی فرد واحد کیلئے نہیں بلکہ مستقبل کیلئے ہے،پیپلز پارٹی 18برس سے آئینی عدالت کا معاملہ اٹھا رہی ہے،ایک دوسرے سے دست و گریبان ہونے کی بجائے پارلیمان میں بات کرنی چاہیے،ہم بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی آئین کی خالق جماعت ہے جس نے دیگر جماعتوں سے ملکر 73کے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا،پھر پیپلز پارٹی سے کیسے کسی غیر آئینی اقدام کی توقع کی جا سکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہت جلد پارٹی تنظیموں کے نوٹیفکیشن کر دینگے۔سید حسن مرتضی نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال سب کے سامنے ہے، ایک جماعت ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے جو پارلیمان کی بالادستی کو مختلف حربوں سے غیر یقینی بنانا چاہتی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں