گورنر پنجاب کی ایف پی سی سی آئی کی جانب سے امریکہ اور کینیڈا سے آئے سکھ یاتریوں کے اعزاز میںمنعقدہ تقریب میں خصوصی شرکت

منگل 12 نومبر 2024 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے منگل کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام امریکہ اور کینیڈا سے آئے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا بھی موجود تھے۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کو پاکستان میں ہونی والی چیمپئنز ٹرافی میں آنا چاہئے کیونکہ کھیلوں کے ذریعے ہیں امن آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگربھارت چیمپئنز ٹرافی میں نہیں آئے گا تو دنیا میں اچھا امیج نہیں جائے گا۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بھارت نے جب بھی بلایا پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہمیشہ وہاں جا کر کھیلا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کھیلوں کے حوالے سے ہمیشہ قربانی دی ہے،ہم نے کبھی اپنی ٹیم کو بھارت جانے نہیں روکا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت پڑوسی ملک ہیں۔آپ جو مرضی کرلیں پاکستان اور بھارت نے یہاں ہی رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں انڈیا کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کھیل کھیل ہی ہوتے ہیں انہیں سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہئے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب برابر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے ہندو خاتون کو وزارت دی گئی جبکہ ڈاکٹر درشن لال ممبر سینٹ ہیں اور سندھ کا ڈپٹی سپیکر مسیحی برادری سے ہے۔اس موقع پرگورنر پنجاب نے اقلیتی کمیونٹی کے ہمراہ کرسمس کی آمد پر کیک بھی کاٹا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں