الطاف گوہر کی 24 ویں برسی جمعرات کو منائی جائے گی

بدھ 13 نومبر 2024 12:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2024ء) معروف سول سرونٹ، اردو کے نامور شاعر و صحافی الطاف گوہر کی 24 ویں برسی(کل) 14 نومبر کو منائی جائے گی۔ الطاف گوہر 17 مارچ 1923 کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام راجا الطاف حسین جنجوعہ تھا۔ انہوں نے اپنی علمی زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان میں ملازمت سے کیا۔ بعد ازاں سول سروسز کا امتحان پاس کر کے پاکستان کی سول بیورو کریسی کے ایک اہم اور فعال رکن بن گئے۔

ایوب خان کے دورِ حکومت میں وہ سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر فائز ہوئے۔

(جاری ہے)

1972 میں وہ روزنامہ ڈان کے مدیر مقرر ہوئے۔انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ انہوں نے تھرڈ ورلڈ فاونڈیشن کے قیام میں بھی حصہ لیا اور اس ادارے کے مدیر رہے۔ ان کی تصانیف میں تحریرِ چند، ایوب خان،فوجی راج کے پہلے دس سال لکھتے رہے، جنوں کی حکایت اور ان کی خود نوشت سوانح عمری گوہر گذشت شامل ہیں۔ انہوں نے مولانا ابو الاعلی مودودی کی مشہور تفسیر تفہیم القرآن کا انگریزی زبان میں ترجمہ بھی کیا۔ الطاف گوہر 14 نومبر2000 اس دار فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کی برسی کے موقع پر علمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں