کسی اہلکار کو صحافیوں کیخلاف زیادتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،مونس الٰہی ،مونس الٰہی نے میو ہسپتال میں زیر علاج میڈیا کے رپورٹرز اور کیمرہ مین کی عیادت کی

منگل 19 ستمبر 2006 21:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2006ء ) پاکستان مسلم لیگ کے رہنما مونس الٰہی نے میو ہسپتال لاہور میں اے ٹی وی کے رپورٹر نذیر اعوان،کیمرہ مین ملک زاہد اور اے آر وائی کے سینئر رپورٹر ودود مشتاق کی عیادت کی اور ان کو گلدستے دئیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مونس الٰہی نے کہا کہ حکومت صحافت کو ریاست کا چوتھا سکون سمجھتے ہوئے آزادیٴ رائے کا مکمل احترام کرتی ہے۔

صحافی معاشرے کا ذمہ دار طبقہ ہے۔ ان کے پیشہ وارانہ فرائض انجام دہی میں حکومت کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرے گی۔ مونس الٰہی نے کہا کہ کسی بھی صحافی کے ساتھ کسی اہلکار کو زیادتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن صحافیوں کے ساتھ پولیس اہلکاروں نے زیادتی کی ہے ان کے خلاف موٴثر قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

مونس الٰہی نے ہسپتال کے متعلق حکام سے کہا کہ زخمی صحافیوں کے علاج معالجے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

مونس الٰہی نے توقع ظاہر کی کہ یہ صحافی جلد از جلد صحت یاب ہو کر اپنے پیشہ وارانہ فرائض دوبارہ سرانجام دینے لگیں گے۔ اس موقع پر صحافیوں نے اپنی عیادت کرنے پر مونس الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بھی خصوصی طور پر شکر گزار ہیں جن کی بروقت ہدایات پر زیادتی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی ممکن ہوئی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں