لاہور کے 88 ہوٹلز ، ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کر دی گئی ‘بلال یاسین

38 ریسٹورنٹس کو اے ،31 ریسٹورنٹس کوبی جبکہ19 ریسٹورنٹس کو سی کیٹگری دی گئی ‘صوبائی وزیر خوراک

جمعہ 1 جنوری 2016 18:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء ) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاہے کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر لاہور میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کے لئے فوڈ اتھارٹی اور ریسٹورنٹس مالکان کی مشاورت سے میکنزم تشکیل دے دیاگیاہے ،جس کے تحت ریسٹورنٹس میں استعمال ہونے والی اشیائے خوردنی ، سٹاف اور صفائی ستھرائی پر مارکنگ کو معیار بنایاگیاہے -یہ بات انہو ں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - اجلاس میں سیکرٹری خوراک ڈاکٹر پرویز احمد خان ،ڈی جی فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر سجاد چوہان ، ڈائریکٹر فوڈ آصف لودھی بھی موجود تھے - اس موقع پر صوبائی وزیر نے میڈیا کو بتایاکہ وزیراعلی کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی کے غوروخوض اور فوڈ اتھارٹی کے قوانین میں ترامیم کے بعد ہوٹلز،ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کو فوڈ اتھارٹی کے افسران اور ریسٹورنٹس مالکان کی مشاورت سے ایک متفقہ میکنزم کے تشکیل دے دیاگیاہے -جس کے تحت پہلے مرحلے میں لاہور میں 88 ہوٹلز ، ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کی گئی ہے جن میں 90 مارکس حاصل کرنے و الے 38 ریسٹورنٹس کو اے کیٹگری ، 80 مارکس حاصل کرنے والے 31 ریسٹورنٹس کو بی کیٹگری جبکہ 80 سے کم مارکس حاصل کرنے و الے 19 ریسٹورنٹس کو سی کیٹگری دی گئی ہے - انہو ں نے بتایاکہ کیٹگری حاصل کرنے والے ریسٹورنٹس کو ریسٹورنٹ کے باہر کیٹگری بڑے حروف میں آویز اں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے - انہو ں نے بتایاکہ اگر بی اور سی کیٹگری کے کسی بھی ریسٹورنٹ کو اس کی درجہ بندی پر اعتراض ہو گا تو وہ اپیل کرنے کا حق رکھتا ہے -صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہاکہ درجہ بندی کے میکنزم کو صوبہ کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار لا گو کیاجائے گا - اس میکنزم کے تحت ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی صنعت کو ترقی حاصل ہو گی اور عوام کو حفظان صحت و معیاری کھانوں کے علاوہ بہتر اور خوشگوار ماحول دستیاب ہو گا - انہوں نے کہاکہ معیاری خوردونوش اشیاء کی فروخت کی نگرانی کو مزید شفاف بنانے کے لیے محکمہ لائیو سٹاک ، فوڈ اتھارٹی اور میڈیا کی معاونت سے تجاویز مرتب کی جائیں گی -جن کے تحت کیش میمو پر اشیاء خوردنی کی شیلف لائف اور معیار کو چیک کرنے کے لیے ڈیٹا کی فراہمی کو ممکن بنایاجائے گا-صوبائی وزیر نے بتایا کہ اندرون شہر کے لیے حفظان صحت کے مطابق اشیائے خوردنی کی فروخت کے لیے ماڈل ریڑھیوں کے مالکان کو فوڈ اتھارٹی قوانین اور صفائی ستھرائی بارے خصوصی تربیت کا انتظام بھی کیاگیاہے جس کے تحت یہ ماڈل ریڑھیاں ، کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے کے قابل ہوں گی -

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں