ْپنجاب حکومت خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر زبنا رہی ہے،شہبازشریف

جمعرات 24 نومبر 2016 22:53

لاہور۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کو ان کے حقوق دیئے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتااور دین اسلام نے خواتین کو جن حقوق سے نوازا ہے، دنیا کے کسی معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔اسلام نے اس بات کا پور اخیال رکھا ہے کہ کسی عورت کیساتھ صرف عورت ہونے کی بنیاد پرناانصافی نہ ہونے پائے۔

حقوقِ نسواں کیلئے سب کو مذہبی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں نبھانا ہو ں گی ۔ خواتین کے حقوق کا تحفظ قومی فریضہ ہے،جو ہمیں کامیابی سے انجام دینا ہوگا۔ خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنائے بغیر خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔وزیراعلیٰ نے خواتین پر تشدد کی روک تھام کے عالمی دن کو موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام کے عالمی دن کو منانے کا مقصد خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان پر تشدد کی روک تھام کیلئے کوششوں کو تیز کر نا ہے۔

(جاری ہے)

معاشرے کے ارتقاء او رزندگی کے ہر شعبہ میں خواتین کے کلیدی کردار کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے خواتین کوبااختیار بنانے اوران کے حقوق کے تحفظ کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب حکومت خواتین پر تشدد کی روک تھام اوران کی دادرسی کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر زبنا رہی ہے اورخواتین کی دادرسی اورانہیں فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ملتان میں سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر قائم کردیاگیاہے اوراس سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر میں پولیس، پراسکیویشن ، میڈیکل اور فرانزک سہولتیں ایک ہی جگہ پر دستیاب ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہجنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کایہ پہلا اورمنفرد مرکز ہے جو خواتین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے مستقل نظام وضع کرنے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے موثر قانون سازی کی گئی ہے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معیشت کی ترقی میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔خواتین کو معاشی تحفظ،کام کرنے کی جگہوں پر تحفظ اورانہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کر کے ہی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ خواتین اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں