حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے متعدد دور رس نتائج کے حامل اقدامات کر کے ترقی کی راہیں ہموار کر دی ہیں‘رانا ارشد

پنجاب اسمبلی میں تاریخ ساز قانون سازی عمل میں لائی گئی جس کی ملک کے کسی اور صوبے میں مثال نہیں ملتی‘ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی

اتوار 1 جنوری 2017 13:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصو صی رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے متعدد تاریخی اور دور رس نتائج کے حامل اقدامات کر کے ترقی کی راہیں ہموار کر دی ہیں،پنجاب اسمبلی میں تاریخ ساز قانون سازی عمل میں لائی گئی جس کی ملک کے کسی اور صوبے میں مثال نہیں ملتی، اگلے سال صوبہ بھر میں ہیلتھ اور ایجوکیشن ڈسٹرکٹ اتھارٹیز کام کا آغاز کر دیں گی جس سے نچلی سطح پر مقامی حکومتوں کے ذریعے مسائل کے حل میں بے حد مدد ملے گی۔

اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مقامی حکومتوں کے لئے خطیر رقم مختص کر دی گئی ہے جو صرف منتخب مقامی بلدیاتی نمائندوں کو تعمیر و ترقی کے لئے جار ی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تمام اختیارات منتخب نمائندوں کو حاصل ہونگے جس سے اضلاع کی سطح پر روزگار کی فراہمی، سکولوں میں سہولیات اور تزئین و آرائیش، تبادلوں و دیگر معاملات میں بہتری آئے گی۔

رانا محمد ارشد نے کار کنوں کی طرف سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مخالفین اپنے دور کو یاد کریں جب عوام بنیادی سہو لیات کی تلاش میں ان کے دفتروں اور گھروں کے سینکڑوں چکر لگا لگا کر تھک جاتے تھے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے ماضی کی تمام حکومتوںکی غلط پالیسیوں اور طریقہ کار کا اپنی بہترین پالیسیوں اور حکمت عملیوں کے ذریعے مداوا کیا۔

وزیر اعلی کی سربراہی میں صوبہ بھر میں میگا پراجیکٹس کا جال بچھادیا گیا ہے۔حکومت کی ہدایت پر تمام ممبران اسمبلی اپنے اپنے حلقے میں پائے جانے والے ایشو کو بھر پور طریقہ سے حل کرانے میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کے اپوزیشن نے ہمیشہ صوبائی اسمبلی کو اکھاڑہ بنائے رکھنے کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔اب وقت کا تقاضہ ہے کہ اپوزیشن تحمل مزاجی سنجیدہ پن کا مظاہرہ کرے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں