پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج نے نئے سال کیلئے ---صحت و تندرستی ہر شہری کا حق کا ماٹو منتخب کیا ہے ، غیاث النی طیب

اتوار 1 جنوری 2017 16:00

لاہور۔یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر غیاث النی طیب نے نئے سال کے آغاز پر ادارہ پی جی ایم آئی، امیرالدین میڈیکل کالج و ایل جی ایچ کے ڈاکٹروں، نرسوں، پیرا میڈیکل سٹاف و طلبہ اور دیگر ملازمین کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ جنرل ہسپتال ، پی جی ایم آئی اور امیر الدین میڈیکل کالج انتظامیہ نے شروع ہونے والے سال کیلئے ---"صحت و تندرستی ہر شہری کا حق "کا ماٹو منتخب کیا ہے ۔

پچھلے سالوں کی طرح امسال بھی جنرل ہسپتال کوجدید طبی سہولیات سے آراستہ ایک جدید علاج گاہ میں بدلنے اور امیر الدین میڈیکل کالج کو طبی تعلیم کامثالی ادارہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح2017 ء کے دوران بھی یہ ادارے انسانی صحت اوربیماریوں کے علاج کے حوالے سے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیںگے اور دکھی انسانیت کی خدمت کامعیار بلند سے بلند تر کرنے کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔

جنر ل ہسپتال کوآئیڈیل مریض دوست ادارہ پی جی ایم آئی اورامیرالدین میڈیکل کالج کو شانداردرسگاہ بنادیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال دماغی امراض کے علاج کے حوالے سے پورے ایشیا میں ایک اہم ادارے کی حیثیت سے مقبول ہے اور حکومت پنجاب کا ہر سال اس ادارے کیلئے کثیروسائل مختص کرنا اس کی کارکردگی پر مہر تصدیق کے مترادف ہے ۔ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہا کہ جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے ڈینگی اور پولیو کے خلاف جنگ سے لے کر ہر امراض کے علاج تک ہرطبی شعبے میں ہمیشہ شاندار کارکردگی دکھائی ہے اسی طرح ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج نے اپنے اولین نتائج میں ہی صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے اپنے شاندار مستقبل کی نوید سنا دی ہے۔

ادارے کی کارکردگی اس امر کا واضح پیغام ہے کہ آنے والے برسوں میں اس کالج سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات بنی نوع انسان کی خدمت کے نئے باب رقم کریں گے اور شہریوں کیلئے علاج معالجے کی سہولیات کا معیار مزید بلند ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں