صوبائی وزیرخلیل طاہر سندھو کی صوبہ بھر میں بلدیاتی حکومتوں کے سربراہوں کو عہدوں کا حلف اٹھانے پرمبارکباد

اتوار 1 جنوری 2017 16:00

لاہور۔یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے پنجاب بھر میں بلدیاتی حکومتوں کے سربراہوں کو انکے عہدوں کا حلف اٹھانے پرمبارکباد دی اور کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق اختیارات کی حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر مقامی نمائندوں کومنتقلی سے اب اقلیتوں سمیت عوام کے مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہونگے۔

اپنے تہنیتی پیغام میں خلیل طاہر سندھو نے لارڈ مئیر ز،مئیرز،ڈپٹی مئیرز،چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مقامی حکومتی سربراہان خدمت کو شعار بناتے ہوئے عوام کے بنیادی مسائل بہتر طریقے سے حل کر سکیں گے ۔انہوں کے کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کے نئے نظام میں آئین کے مطابق اختیارات بیوروکریسی کی بجائے منتخب نمائندوں کو منتقل کر کے انہیں مکمل طور پر با اختیار بنایا گیا ہے ،عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے ہمیشہ سے زائد فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ اور ایجوکیشن اتھارٹیز میں آبادی کے لحاظ سے مقامی کونسلرز کو نمائندگی دی گئی ہے۔اس اقدام سے مقامی سطح پر روزگار کی فراہمی،تقرر و تبادلوں کے دیرینہ مسائل کے خاتمہ، سکولوں میں مسنگ سہولیات اور صحت مراکز میں علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ نئے بلدیاتی سسٹم سے اقلیتی برادری بھی بھرپور طور پر فیضاب ہوگی،انسانی حقوق کی پاسداری میں حائل رکاوٹیں دور ہو سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کو دیئے جانے والے فنڈز کے فلاحی کاموں کے لئے بہترین استعمال اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے انٹرنل اور پروفیشنل آڈٹ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور ٖفنڈز کے غیر ضروری، غلط استعمال اور اقربا پروری جیسے مسائل سے چھٹکارہ حاصل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں