اسٹیج ڈرامے میں فحاشی روکنے پر گوجرانوالہ آرٹ کونسل میں تعینات مانیٹرنگ ٹیم کے سربراہ اعجاز احمد کا تبادلہ

ایماندار شخص کو ایسی سزا ملنی ہے تو پھر وہ دن دور نہیں جب اسٹیج ڈرامے کے نام پر تھیڑوں میں نائٹ کلب کھل جائینگے ‘سنجیدہ حلقوں کا اظہار تشویش

پیر 22 اکتوبر 2018 14:18

اسٹیج ڈرامے میں فحاشی روکنے پر گوجرانوالہ آرٹ کونسل میں تعینات مانیٹرنگ ٹیم کے سربراہ اعجاز احمد کا تبادلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) اسٹیج ڈرامے میں فحاشی کو روکنے پر گوجرانوالہ آرٹ کونسل میں تعینات مانیٹرنگ ٹیم کے سربراہ اعجاز احمد کا اسٹیج ڈرامہ پروڈیوسروں کے دبائو کی وجہ سے گوجرانوالہ سے لاہور تبادلہ کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اعجاز احمد گوجرانوالہ آرٹ کونسل میں بطور انچارج مانیٹرنگ ٹیم انجام دے رہے تھے اور انہوں نے گوجرانوالہ کے مختلف تھیٹروں میں بیہودہ رقص کرنے والی اداکارائوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا ۔

ذرائع کے مطابق اعجاز احمد نے اداکارہ خوشبو ،خوبصورت کیف سمیت چھ اداکارائوں کیخلاف کارروائی کی رپورٹ مرتب کی تھی جس کا نتیجہ ان کو تبادلے کی صورت میں مل گیا ہے۔بیہودہ رقص کرنے والی اداکارائوں نے پروڈیوسروں کے ساتھ مل کر انکا تبادلہ گوجرانوالہ سے لاہور پنجاب آرٹ کونسل کروا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے تھیٹروں کے سنجیدہ حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی ایماندار شخص کو اپنے فرائض انجام دینے کی یہ سزا ملنی ہے تو پھر وہ دن دور نہیں جب اسٹیج ڈرامے کے نام پر تھیڑوں میں نائٹ کلب کھل جائینگے ۔

ان حلقوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت میرٹ کی بات کرتی ہے تو دوسری جانب بیورو کریسی میں میرٹ کی دھجیاں بکھیر دیتی ہے ۔ اگر اس سلسلے کو آج روکا نہ گیا اور ذمے دار افسران کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو پھر اسٹیج ڈرامہ کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں