اداکارہ قسمت بیگ کے قتل کے بعد اسٹیج اداکارائوں نے حکومت سے تحفظ کا مطالبہ کر دیا

جتنی اداکارائیں قتل یا پراسرار موت کا شکار ہوئیں انکے قاتلوں کو پکڑ کر عبرتناک سزا دی جاتی تو قسمت بیگ کی زندگی بچ سکتی تھی قسمت بیگ کے قتل کے ملزمان پانچ روز تک گرفتار نہ ہوئے تو تھیٹر بند کر کے مجبوراً وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے احتجاج کرینگے ‘ گفتگو

جمعہ 25 نومبر 2016 16:25

اداکارہ قسمت بیگ کے قتل کے بعد اسٹیج اداکارائوں نے حکومت سے تحفظ کا مطالبہ کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2016ء) اداکارہ قسمت بیگ کے قتل کے بعد اسٹیج سے تعلق رکھنے والی اداکارائوں نے حکومت سے تحفظ کا مطالبہ کر دیا ۔ اداکارہ صوبیہ خان ، آفرین پری ، ہنی شہزادی ، سدرہ نور ، زارا اکبر ، آرزو ، ہما علی ، ماہ نور ، آشا چوہدری ، خوشبو اور لیلیٰ نے کہا ہے کہ قسمت بیگ سے قبل جتنی اداکارائیں قتل یا پراسرار موت کا شکار ہوئیں اگر ان کے قاتلوں کو پکڑ کر عبرتناک سزا دی جاتی تو قسمت بیگ کی زندگی بچ سکتی تھی۔

قسمت بیگ کے قتل کے بعد ہم اب خود کو بالکل غیر محفوظ تصور کرتی ہیں ۔ ہم حکومت کو ٹیکس دیتے ہیں اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ ہماری جان و مال کا تحفظ کرے ۔ مگر بدقسمتی سے حکومت اس حوالے سے ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنول نعمان پہلے فنکارہ ہیں بعد میں ایم پی اے ہیں ، انہوں نے فنکاروں کے احتجاج میں شرکت نہ کر کے ہمارے ساتھ غداری کی ہے ۔

(جاری ہے)

جب ان کو ہماری ضرورت ہوتی ہے تو پھر یہ ہماری منتیں کرتے ہیں اور جب مطلب نکل جائے تو پھر پہچانتے بھی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں کا بہت خون بہہ چکا ہے اب ہم کسی کو قتل نہیںہونے دیں گے اور اپنے حقوق کے لئے جنگ لڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے قسمت بیگ کے قتل کے ملزمان کو پانچ روز تک گرفتار کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ۔ اگر ایسا نہ ہوا تو ہم تھیٹر بند کر کے مجبوراً وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے احتجاج کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں