صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل میاں نعمان کبیر نے وویمن بزنس انکوبیٹر اور وویمن انوویشن نیٹ ورک کا افتتاح کر دیا

دیہی خواتین کو خود روزگار کے طریقوں سے آگاہ کریں تا کہ دیہی عورت معاشی خود کفالت کے ذریعے زندگی کی دوڑ میں آگے بڑھے‘گفتگو

منگل 17 جولائی 2018 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ خواتین ملکی آبادی کا 50فیصد ہیں انہیں ترقی کے عمل میں آگے لانے کیلئے ضروری وسائل کی فراہمی کے ساتھ عزت واحترام کی سماجی روایات سے آراستہ موافق ماحول بھی مہیا کرنا ہو گا تا کہ خواتین دلجمی اور بے خوفی کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین کے زیر اہتمام گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور رمیں وویمن بزنس انکوبیٹر اور وویمن انوویشن نیٹ ورک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور و سوشل ویلفیئر چوہدری فیصل مشتاق اورچیئرپرسن پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین فوزیہ وقاربھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں صوبائی وزیر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کا تجارتی سرگرمیوں میں حصہ 35فیصد ہے مگر پاکستان میں یہ تناسب 2سے ساڑھے 3فیصدتک محدود ہے۔اس حوالے سے حکومت پنجاب نے متعدد اقدامات کئے ہیں تا کہ خواتین ترقی کی دوڑ میں آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم نسواں کا فروغ خواتین کی بھلائی کی جانب اہم قدم ہے۔ حکومت پنجاب کی کوشش ہے کہ خواتین کو ان کا تعلیمی حق دے کر وویمن امپاورمنٹ کے ہدف کو حاصل کیا جائے۔

انہوں نے میڈیا اور علماء اکرام پر زور دیا کہ وہ تحفظ نسواں کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور لوگوں کو بتائیں کہ ایک لڑکی کی تعلیم پورے خاندان کی تعلیم کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ سول سوسائٹی کے اراکین شہروں کے ساتھ ساتھ دیہات کو بھی اپنی فلاحی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں اور دیہی خواتین کو خود روزگار کے طریقوں سے آگاہ کریں تا کہ دیہی عورت معاشی خود کفالت کے ذریعے زندگی کی دوڑ میں آگے بڑھے۔تقریب سے وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونوورسٹی پروفیسر حسن امیر شاہ، صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق چوہدری فیصل مشتاق، امریکی قونصل جنرل الزبتھ کینڈی ٹروڈو اورچیئر پرسن پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین فوزیہ وقار اوردیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں