کامیاب دورے کے بعد قومی ٹیم کی وطن واپسی کی تیاریاں ،ٹیم (آج) دبئی پہنچے گی

عام انتخابات میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے اور اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے

پیر 23 جولائی 2018 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) زمبابوے میں کلین سویپ کی اونچی اڑان کے بعد قومی شاہینوں نے وطن واپسی کا سفر شروع کر لیا، دبئی کے بعد تمام کھلاڑی و آفیشلز اپنے اپنے شہر پہنچیں گے، مرد میدان بلکہ فخر پاکستان فخر زمان کی پشاور آمد ہو گی۔زمبابوے کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں وائٹ واش کے بعد قومی کھلاڑی فاتح قرار پائے، پانچویں ون ڈے میں قومی ٹیم ایک سو اکتیس رنز سے فاتح بنی، پہلے کھیلتے ہوئے تین سو چونسٹھ رنز سکور کئے، میزبان زمبابوین دو سو تینتیس رنز تک محدود رہے۔

ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ہزار رنز مکمل کرنے کے ریکارڈ ہولڈر فخر زمان نے آخری میچ میں پچاسی رنز سکور کئے۔ سیریز میں سب سے زیادہ پانچ سو پندرہ سکور کا ایک اور عالمی کارنامہ انجام دے کر مین آف دی سیریز کا اعزاز پایا۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں امام الحق نے سیریز کی تیسری اور کیرئر کی چوتھی سنچری سکور کی، پہلے نو ون ڈیز میں یہ معرکہ سر کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر ڈالا۔

بابر اعظم نے بھی تگڑہ سینکڑہ سکور کیا اور ایک سو چھ رنز پر ناقابل شکست رنز بنائے، اس اہم میچ میں بابر اعظم مین آف دی میچ قرار پائے، چوالیس اننگز میں تھری فگر اننگز سے دنیا کے نمبر ٹو بیٹسمین بھی بن گئے، اس شاندار بلکہ یادگار جیت پر کپتان سرفراز خوشی سے نہال نظر آتے ہیں۔قومی ہیروز کامیاب دورے کے بعد واپسی کی تیاریوں میں مصروف ہیں، قومی کرکٹ ٹیم (کل)منگل کو وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگی اور دبئی پہنچے گی ۔

قومی کرکٹرز دبئی سے اپنے اپنے شہر روانہ ہوں گے۔ کپتان سرفراز احمد(آج) شام کراچی اپنے گھر پہنچیں گے جبکہ لاہور اور اسلام آباد کے کرکٹرز(آج)شام دبئی سے پاکستان پہنچیں گے۔ بدھ کے روز ہونے والے عام انتخابات میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے اور اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ دبئی میں ایک دو روز قیام کے بعد اپنے اپنے شہر لاہور، اسلام آباد، کراچی اور سیالکوٹ جبکہ فخر پاکستان ، فخر زمان پچیس جولائی کو صبح سات بجے پشاور پہنچیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں