نجم سیٹھی نے چئیرمین پی سی بی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا حتمی فیصلہ کرلیا

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزارت عظمٰی سنبھالنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کر چکے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 11 اگست 2018 19:48

نجم سیٹھی نے چئیرمین پی سی بی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا حتمی فیصلہ کرلیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست2018ء) نجم سیٹھی نے چئیرمین پی سی بی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا حتمی فیصلہ کرلیا، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزارت عظمٰی سنبھالنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کر چکے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف مرکز میں حکومت بنانے کیلئے فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

اس کامیابی کے بعد تحریک اںصاف کے ملک کے کئی اہم اداروں میں انتظامیہ تبدیلیاں کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ ان اداروں میں ایک ادارہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چئیرمین نجم سیٹھی اور تحریک انصاف کے سربراہ و آئندہ وزیراعظم عمران خان کے درمیان شدید سیاسی اختلافات پائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نجم سیٹھی پر 2013ء کے انتخابات میں بطور نگران وزیراعلی پنجاب دھاندلی کروا کر مسلم لیگ ن کو فتح دلوانے کا الزام عائد کرتے آئے ہیں۔

جبکہ نجم سیٹھی نے بھی عمران خان کیخلاف عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ نجم سیٹھی پی سی بی کے علاوہ پاکستان سپر لیگ کے چئیرمین بھی ہیں۔ اب ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عمران خان حکومت سنبھالتے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم انتظامی تبدیلیاں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ نا صرف نجم سیٹھی کو پی سی بی کے چئیرمین کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا، بلکہ پاکستان سپر لیگ میں بھی انتظامی تبدیلیاں کی جائیں گی۔

عمران خان پاکستان سپر لیگ کے تمام انتظامی افسران کو برطرف کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں نئے افسران کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی جب کہ پی ایس ایل کو مزید بہتر بنانے کیلئے بھی پیپر ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ پی ایس ایل کو پاکستان واپس لانے کی کوششیں کی جائیں گے۔ اس سلسلے میں دنیا بھر کی تمام کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کی ٹیموں کا حصہ بنانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ اس تمام صورتحال میں چئیرمین نجم سیٹھی نے بھی حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی عمران خان کی جانب سے انہیں برطرف کیے جانے کا انتظار نہیں کریں گے۔ نجم سیٹھی عمران خان کے بطور وزیراعظم حلف اٹھاتے ہی پی سی بی کے چئیرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں