راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر 43برس کے ہو گئے ،

اہلخانہ کے ہمراہ کیک کاٹا

پیر 13 اگست 2018 17:09

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر 43برس کے ہو گئے ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر 43برس کے ہو گئے ۔انہوں نے گزشتہ روز اپنی سالگرہ کا کیک اہل خانہ کے ہمراہ کاٹا ۔راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر 13اگست 1975ء کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔پیر کے تلوے بالکل سیدھے ہونے کی وجہ سے بچپن میں ٹھیک طرح کھڑے بھی نہیں ہوسکتے تھے۔ ان کے والدین بھی مایوسی کا شکار تھے، لیکن اپنے عزم اور حوصلے کے باعث شعیب اختر دنیا کے تیز ترین بولرز کی صف میں شامل ہوئے۔

صف اول کے بیٹسمین شعیب اختر کا سامنا کرنے سے گھبراتے تھے۔اپنی طوفانی بولنگ کی وجہ سے شعیب اختر راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے پہنچانے گئے۔ انہوں نے نومبر 1997ء میں اپنے آبائی شہر راولپنڈی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 43رنز دے کر 2وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کیریئر کا آخری ٹیسٹ دسمبر 2007ء میں بنگلور میں بھارت کے مقابل کھیلا۔فاسٹ بولر نے ون ڈے کیریئر کا آغاز مارچ 1998 ء میں زمبابوے کے خلاف کیا اورآخری او ڈی آئی ورلڈکپ 2011 ء میں نیوزی لینڈ کے مقابل کھیلا۔

شاندار کیریئر کے دوران شعیب اختر فٹنس مسائل کے باعث صرف 46ٹیسٹ کھیل سکے، جن میں انہوں نے 544رنز بنائے، 12کیچز لیے اور 178بیٹسمینوں کو میدان بدر کیا۔ بہترین بولنگ 11رنز کے عوض 6 وکٹیں رہی۔ میچ میں انہوں نی78رنزدے کر 11کھلاڑی آئوٹ کیے۔ اننگ میں 5وکٹیں 12مرتبہ اور میچ میں 10وکٹیں 2بار حاصل کیں۔ایک سوتریسٹھ ون ڈے میچز میں شعیب اختر نے 243وکٹیں حاصل کیں۔ بہترین بولنگ 16رنز دے کر 6وکٹیں رہی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں