پاکستان انڈر12بیس بال ٹیم نے انڈین ٹیم کو ہرا دیا

بدھ 15 اگست 2018 21:42

پاکستان انڈر12بیس بال ٹیم نے انڈین ٹیم کو ہرا دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) تائیوان میں جاری دسویں انڈر 12ایشین بیس بال چیمپئن شپ کے گروپ بی کے ایک میچ میں پاکستان انڈر12بیس بال ٹیم نے انڈین ٹیم کو 16 - 0 سے ہرادیا۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ جو کہ ٹیم کے ساتھ تائیوان میں موجود ہیں نے بتایا کہ پاکستان کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈین ٹیم کوہر شعبے میں آئوٹ کلاس کرتے ہوئے میچ 16 - 0 سے جیت لیا۔

میچ دوستانہ ماحول میں کھیلا گیا جس میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے بہتر کارکردی دکھاتے ہوئے انڈین کھلاڑیوں کا سکور کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ یاد رہے کہ 14اگست کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے ہانگ کانگ کی مضبو ط ٹیم کو 6-1 سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

سید فخر شاہ نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے جنید شاہ نے چاررنز، محمد عادل ایوب نے تین رنز، عبدالرازق ، سید محب شاہ اور عاشر عباس نے دورنز جبکہ محمد قاسم حامد نے ایک رن بنا کر اپنا حصہ ڈالا۔

بھارت کے خلاف میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے پہلے دونوں میچوں سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہر ہ کیا۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم گروپ بی میں دوسرے میں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور وہ گولڈمیڈ ل کی دوڑ میں شریک ہوگئی ہے۔ اب بیسٹ آف فور رائونڈ کھیلاجائے گا۔ سید فخر شاہ کے مطابق پاکستان فیڈریشن بیس بال نے پاکستان انڈر 12ٹیم کی تیاری کے لئے دو سال پہلے کام شروع کردیا تھا۔

اس سلسلے میں بحریہ ٹائون لاہور میں نیشنل بیس بال اکیڈمی کا قیام بھی عمل میں لایاگیا۔ نیشنل بیس بال اکیڈمی کے نو کھلاڑی پاکستان انڈر12 بیس بال ٹیم کا حصہ ہیں ۔ سید فخر شاہ نے مزید بتایا کہ پاکستان میں صرف ایک بیس بال گرائونڈ ہے جو کہ بحریہ ٹائون لاہور میں واقع ہے۔ پاکستان میں بیس بال کا بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے نئے وزیر اعظم ایک کھلاڑی ہیں اور وہ پاکستان میں کھیلوں کو درپیش مسائل کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر گورنمنٹ آف پاکستان تعاون کرے تو پاکستان فیڈریشن بیس بال کے دوسری بیس بال فیڈریشنز کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں اور فیڈریشن ان ممالک کو پاکستان آکر کھیلنے کے لئے بلوا سکتی ہے۔ اس کے لئے علاوہ غیرملکی کوچز بھی پاکستان آکر کھلاڑیوں کو ٹریننگ دینے کے لئے تیار ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں