نجم سیٹھی کے مستقبل پر گہرے بادل

کیمروں کے سامنے سوالوں کا جواب دینے سے گریز‘گاڑی میں بیٹھ کر روانہ

ہفتہ 18 اگست 2018 16:59

نجم سیٹھی کے مستقبل پر گہرے بادل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) نجم سیٹھی کا بطور چیئرمین پی سی بی مستقبل سخت خدشات کی زد میں آگیا، وہ تقریب کے اختتام پر درجنوں کیمروں کے سامنے سوالوں کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے گاڑی میں بیٹھ گئے۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل ہوتے ہی چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو تبدیل کیے جانے کی باتیں بھی ہونے لگی تھیں،وزرات عظمی کا حلف اٹھانے والے عمران خان کو ابھی حکومت سازی اور وزارتوں سمیت کئی مشکل اور اہم فیصلے کرنا ہیں،،پی سی بی کا معاملہ شاید فوری طور پر زیر بحث نہ آئے لیکن سپورٹس کے صحافیوں کی بڑی دلچسپی اس بات میں ہے کہ نجم سیٹھی کا کیا بنے گا۔

گزشتہ روز فضل محمود قومی کلب کرکٹ کی اختتامی تقریب میں شرکت کیلئے چیئرمین پی سی بی ایل سی سی اے گرآنڈ لاہور آئے تو واپس جاتے وقت وہاں موجود میڈیا کے نمائندوں کا پہلا سوال یہی تھا کہ آپ کا کیا مستقبل ہوگا ۔

(جاری ہے)

ایک صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان وزیر اعظم بن گئے ہیں ان کے بارے میں کیا کہنا چاہیں گے،نجم سیٹھی گاڑی کی طرف چلتے گئے اور ساتھ ہی بار بار ’’اوہو ہو،اوہو ہو‘‘ کرتے رہے۔

دوسرا سوال ہوا کہ سنا ہے آپ کی سیٹ کو خطرہ ہے، اگلا سوال ہوا کیا آپ عمران خان کو مبارکباد دینا چاہیں گے۔کوئی جواب نہ ملنے پر بھی صحافی باز نہ آئے،ایک نے کہہ دیا سر’’او ہوہو‘‘ تو بعد میں ہوگی ابھی کسی بات کا جواب تو دیدیں، جواب آیا ’’اوہوہو‘‘ اور ساتھ ہی انہوں نے ’’آہا ہا‘‘ بھی کردیا۔اس پر ایک اور سوال داغا گیا کہ کیا آپ کی چڑیا باہر بھی نکلے گی یا گھونسلے میں ہی رہے گی، نجم سیٹھی نے ’’آہا ہا، آہاہا‘‘ کیا اور گاڑی کی سیٹ پر بیٹھ کر روانہ ہوگئے۔واضح رہے کہ نجم سیٹھی کی جگہ سابق آئی سی سی چیف احسان مانی کو چیئر مین پی سی بی بنائے جانے کی افواہیں گرم ہیں

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں