ڈار ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام ایک روزہ راب لتورز چیلنج ہاکی کپ کا انعقاد، فائنل میچ تنویر ڈار ہاکی اکیڈمی نے جیت لیا

منگل 16 اکتوبر 2018 22:19

ڈار ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام ایک روزہ راب لتورز چیلنج ہاکی کپ کا انعقاد، فائنل میچ تنویر ڈار ہاکی اکیڈمی نے جیت لیا
لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) ڈار ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام ایک روزہ راب لتورز چیلنج ہاکی کپ کا انعقاد کیا گیا۔ فائنل میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ٹاس پر تنویر ڈار ہاکی اکیڈمی نے جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق ہالینڈ سے انٹرنیشنل ہاکی کے مشہور امپائر راب لتورز پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز ان کی طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں لاہور کے مقامی ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔

طبیعت کی بحالی کے بعد راب لتورز نے اپنے نام سے منعقدہ ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راب لتورز کا کہنا تھا کہ پاکستان سے میری بہت اچھی یادیں ہیں۔ آج ہاکی کا ٹورنامنٹ دیکھ کر اچھا لگا۔ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں ڈار ہاکی اکیڈمی کی دو ٹیموں تنویر ڈار اور منیر ڈار ہاکی ٹیم نے شرکت کی جبکہ رانا ظہیر اکیڈمی کی بھی دو ٹیموں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

فائنل میچ تنویر ڈار ہاکی ٹیم اور منیر ڈار ہاکی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا جو چاروں ہافوں کے بعد 2-2 گول سے برابر رہا۔ اختتام پر راب لتورز نے دونوں کپتانوں کے ساتھ ٹاس کروایا جس پر تنویر ڈار ہاکی ٹیم نے میچ جیت لیا۔ تنویر ڈار ٹیم کی طرف سے علی عزیز اور فرحان نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ منیر ڈار ٹیم کی طرف سے سہیل ریاض اور محمد رضوان نے ایک ایک گول سکور کیا۔ اختتامی تقریب میں راب لتورز نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں