قومی ٹیم ایشین سیونز ویمن رگبی ٹرافی میں شرکت کیلئے (کل) برونائی روانہ ہوگی

بدھ 17 اکتوبر 2018 19:28

قومی ٹیم ایشین سیونز ویمن رگبی ٹرافی میں شرکت کیلئے (کل) برونائی روانہ ہوگی
لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستان ویمن سیونز رگبی ٹیم ایشین سیونز ویمن رگبی ٹرافی میں شرکت کیلئے کل 18 اکتوبر بروز جمعرات کو برونائی روانہ ہوگی،پاکستان رگبی یونین کی طرف سے اعلان کردہ ٹیم میں 12 رکنی ٹیم اورتین رکنی مینجمنٹ شامل ہیں، ٹیم میں کپتان جویریہ حسن، وحیہ کریم، ارم شہزادی، نمرا مریم، ثناء حنیف، راحیلہ، عمارہ، زاہدہ پروین، آمنہ سراج، بشریٰ رشید، رمشا خان اور مریم آصف بٹ شامل ہیں جبکہ مینجمنٹ میں ہیڈ کوچ سوزن مارگیٹ ڈاؤسن، حدیل نیازی مینجر جبکہ شمائلہ یعقوب فزیو ہیں،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ سوزن مارگیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان رگبی ٹیم کو جوائن کرکے بہت اچھا لگا،لڑکیوں میں بہت پوٹنیشنل اور ٹیلنٹ ہے،مجھے امید ہے کہ پاکستانی ٹیم ایشین رگبی چیمپئن شپ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرکے جیتنے کی بھرپور کوشش کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ لڑکیاں پلان کے مطابق کھیلیں،کپتان جویریہ حسن کا کہنا تھا کہ پاکستان رگبی یونین کا شکریہ جنہوں نے بہترین کوچ ہمیں مہیا کی، لڑکیوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے، پچھلی ایشین چیمپئن شپ سے اچھا کھیلیں گے، ہم جیتنے کیلئے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ ٹیم مایوس نہیں کرے گی، پاکستانی ویمن رگبی ٹیم 20 اور 21 اکتوبر کو برونائی میں ایشین رگبی ویمن سیونز ٹرافی میں شرکت کرے گی، ٹورنامنٹ میں پاکستان رگبی ٹیم کے علاوہ برونائی، گوام، بھارت، انڈونیشیا،لاؤس، ملائیشیا،نیپال، فلپائن اور ازبکستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں