پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں فتح کی بدولت سیریز جیتنے کیساتھ ساتھ نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 13:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں فتح کی بدولت سیریز جیتنے کے ساتھ ساتھ نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ کی دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی ٹیم 538رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 164رنز پر ڈھیر ہو گئی اور میچ میں 373رنز کی بدترین شکست سے دوچار ہوئی۔373 رنز سے فتح پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے جہاں اس سے قبل بھی ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم نے رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح آسٹریلیا ہی کے خلاف حاصل کی تھی۔

پاکستان نے چار سال قبل اسی گرائونڈ پر آسٹریلیا کو 356رنز سے شکست دی تھی لیکن آج 373 سے کامیابی کے ساتھ ہی نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔یہ آسٹریلیا کرکٹ کی تاریخ کی رنز کے اعتبار سے چوتھی سب سے بڑی شکست ہے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بدترین شکست کا ریکارڈ بھی آسٹریلین ٹیم کے نام ہے جب 1928 میں ڈان بریڈ مین کی آسٹریلین ٹیم کو 675 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اس سیریز میں شکست کے ساتھ ہی یہ آسٹریلیا کی ایشیا ء میں لگاتار چھٹی سیریز ہے جس میں وہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے اور انہوں نے آخری بار 2011 میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔ اس دوران آسٹریلیا نے ایشیا ء میں 17 ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں سے 13 میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں