آٹھویں چیف آف نیول سٹاف امیچور گالف چمپئن شپ 16نومبر سے شروع ہوگی

پاکستان نیوی نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی ہے، چیف آف دی نیول سٹاف کھیلوں سے خاص محبت رکھتے ہیں، کموڈور نعمت اللہ

بدھ 14 نومبر 2018 23:20

آٹھویں چیف آف نیول سٹاف امیچور گالف چمپئن شپ 16نومبر سے شروع ہوگی
لاہور۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) آٹھویں چیف آف نیول سٹاف امیچور گالف چمپئن شپ 16 سے 18نومبر تک ڈیفنس رائیا گالف اینڈ کنٹری کلب گالف کورس میں منعقد ہو گی، اس مقابلے میں اہلیت ہینڈی کیپ 12اور اس سے نیچے ہے جس کی وجہ سے بہت سے خواہش مندکھلاڑیوں میں سے صرف ٹاپ کلاس گالفرز ہی حصہ لے سکیں گے، امیچور روزانہ 18 ہول کا گیم کھلیں گے جو مجموعی طور پر تین دن میں 54 ہول پر مشتمل ہو گا، سٹیشن کمانڈر نیوی لاہورکموڈور نعمت اللہ نے چمپئن شپ کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف چمپئن شپ انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے جس کی واضح دلیل گزشتہ سات برسوں میں منعقد ہونے والے گالف کے مختلف پروگرام ہیں، انہوں نے کہا کہ تمام گالفرز اس پروگرام اور مقابلہ میں شرکت کیلئے انتہائی انہماک اور لگن رکھتے ہیں، گزشتہ سات گالف کے منعقد ہونے والے پروگرام میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، انہوں نے گالف کی اس چمپئن شپ کو کامیاب بنانے کیلئے دوسرے شہروں سے آنیوالے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے مزید بتایا کہ آٹھویں چیف آف دی نیول اسٹاف چمپئن شپ کی رجسٹریشن کا آغاز ہو چکا ہے اور ملکی سطح پر نامور گالفرز میں خاصہ جوش اور ولولہ دیکھاجا رہا ہے کہ جلد سے جلد رجسٹریشن کروائی جائے لیکن پاکستان نیوی کھیلوں کی ترقی کیلئے اپنی وابستگی میں مزید اضافے کی خواہش رکھتی ہے،کموڈور نعمت اللہ نے کہا کہ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نشان امتیاز (ملٹری) کھیلوں سے خاص محبت رکھتے ہیں، انہوں نے مذکورہ ایونٹ کے انعقاد کیلئے خصوصی احکامات جاری کئے ہیں اورچمپئن شپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی ہے، ان تمام کھیلوں میں گالف کو خصوصی توجہ اور نمایاں اہمیت حاصل ہے،2011ء سے مسلسل لاہور شہر میں گالف کی منعقدہ چمپئن شپ اس امر کی واضح دلیل ہے کہ اٴْس وقت سے مسلسل اِس چمپئن شب کا انعقاد ایک روشن عمل رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں