واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے بین الاقوامی مقابلوں میںمیڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کیلئے نقد انعامات

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے

جمعرات 15 نومبر 2018 16:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے 18ویں ایشیئن گیمز سمیت2018 کے دوران منعقد ہونیوالے دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقسیم انعامات تقریب کا انعقاد کیا گیا، واپڈا ہائوس میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین واپڈا / واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرست اعلیٰ لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین تھے جنہوں نے کھلاڑیوں اور ان کے کوچز میں نقد انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر واپڈا سپورٹس بورڈ کے عہدیداران اور واپڈا آفیسر بھی موجود تھے، نقد انعامات حاصل کرنے والے کھلاڑیوں اور کوچز میں، کراٹے کی کھلاڑی نرگس اور کوچ شاہ محمد ، ایتھلیٹ ارشد ندیم، حیدر علی اور کوچ سید فیاض حسین ، ایشین سٹائل کبڈی میں حسن رضا، ویٹ لیفٹرز نو ح دستگیر اور طلحہ طالب ، تیراک حسیب طارق ، ریسلرز محمد انعام اور عنایت اللہ ، سکوائش کے عباس زیب ، پاور لفٹرز نادیہ مقصود ، ربیعہ رزاق اور سائبل سہیل شامل تھیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے بین الاقوامی مقابلوں میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو اِن کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد دی ، اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ واپڈا کے کھلاڑی اسی جذبہ کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے، اُنہوں نے کہا کہ کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی کامیابی کا گراف بڑھانے کیلئے بہت اقدامات اُٹھانے ہوں گے اور اِس سلسلے میں تمام اداروں اور افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، کھیلوںکی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور کمزور معیشت جسے اہم قومی مسائل سے نمٹا جاسکتا ہے ، واضح رہے کہ گزشتہ 58 سالوں سے واپڈا پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ، واپڈا کے کھلاڑی نہ صرف ملکی سطح پر اپنے جوہر دکھا رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی کامیابیاں پاکستان کے نام کر رہے ہیں، 2018ء میں واپڈا کے کھلاڑی مختلف بین الاقوامی گیمز میں سونے کے آٹھ ، چاندی کے دو اور کانسی کے 13 تمغے جیت چکے ہیں ، علاوہ ازیں2018ء کے دوران منعقد ہونے والی قومی چیمپئن شپ میں واپڈا کی ٹیموں کو 21کھیلوں میں فاتح اور 14 کھیلوں میں رنرز اپ کا اعزاز حاصل ہے، واپڈا کھلاڑیوں کو روز گار فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور 22 سو سے زائد کھلاڑی اور سپورٹس عملہ واپڈا سپورٹس بورڈ کے ملک بھر میں موجود مختلف یونٹس میں برسر روز گار ہیں، واپڈا کی 66 ٹیمیں ہیں جن میں 37مرد اور 29خواتین ٹیمیں شامل ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں