گیم ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہاکی سیریز اوپن نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں شروع ،

ایونٹ کے انعقاد سے انٹرنیشنل ٹیموں کی پاکستان آمد کی راہ ہموار ہوگی ،صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت

پیر 17 دسمبر 2018 15:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہاکی سیریز اوپن سوموار کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگئی جو کہ 22 دسمبرتک جاری رہے گی ۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت تھے ۔ہاکی سیریز اوپن ایف آئی ایچ کا ایونٹ ہے اور اس میں میزبان پاکستان ، افغانستان ،کازکستان ،ازبکستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اس سیریز کا مقصد گیم ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد اور تھرڈ ورلڈ ممالک میں کھیل کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔

انٹرنیشنل ایونٹس کے لئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ۔افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگوکرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں 14سال کے بعد انٹرنیشنل ہاکی ایونٹ ہورہا ہے جو کہ پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل ایونٹ کے انعقاد سے پوری دنیا میں نہ صرف پاکستان کا مثبت امیج ابھرے گابلکہ ہاکی کی بحالی میں بھی مدد ملے گی اور یہ پاکستان کی تاریخ کا سنہری دن ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں 14سال تک انٹرنیشنل ہاکی ایونٹ کا نہ ہونا ہاکی کے زوال کا سبب ہے تاہم اب اس ایونٹ کے انعقادسے دیگر انٹرنیشنل ٹیموں کی پاکستان آمد کی راہ ہموار ہوگی اور ملکی ہاکی کو فروغ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں انٹرنیشنل ٹیموں کو یقین دلانا ہے کہ پاکستان میں حالات بہت بہتر ہوگئے ہیں اور پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہیں اور وہ بغیر کسی شک و شبہ کے پاکستان کا دورہ کریں ان کی حفاظت حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے نبھا رہی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں