پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس

سابق کرکٹر ز کے معاوضہ میں بیس فیصد اضافہ ،پی ایس ایل کے بجٹ کی منظوری ،پی ایس ایل کے انعقاد کے بارے میں تازہ ترین صورتحال اور اس کے کمرشل رائٹس کے بارے میں آگاہ کیا گیا ،پی سی بی اور بی سی سی آئی تنازعہ کے بارے میں بھی تازہ ترین صورتحال پر بر یفنگ

منگل 18 دسمبر 2018 23:53

پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس
لاہور ۔18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) پی سی بی گورننگ بورڈ کا 51واں اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقد ہوا جس کی صدارت پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کی،اجلاس میں گورننگ بورڈ کے اراکین لیفٹیننٹ جنرل ر مزمل حسین ،لیفٹیننٹ جنرل جاوید ضیاء،اسد علی خان ،ڈاکٹر نجیب ،محمد ایاز بٹ ،محمد شیراز عبداللہ خان ،کبیر احمد ،جمیل احمد اور پی سی بی کے عہدیدران نے شرکت کی ،اجلاس میں پی ایس ایل بجٹ ،آڈٹ کمیٹی کی رپورٹ ،ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچہ پر بنائی گئی ٹاسک فورس کی رپورٹ ،پاکستان کرکٹ بورڈ اور بی سی سی آئی کے مابین تنازعہ کی تازہ ترین صورتحال ،پی ایس ایل کی اپ ڈیٹس اور پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے تحت ادائیگی کے ریٹس پر نظر ثانی اور دیگر معاملات زیر بحث آئے،اجلاس میں چیئرمین پی سی بی نے پی سی بی کو پروفیشنل انداز میں چلانے کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کی ،بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی میں نئے ایم ڈی ،ڈائریکٹر میڈیا اور دیگرآفیسرز کی تقرری کے بارے میں آگاہ کیا گیا ،اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے بارے میں بنائی گئی ٹاسک فورس کی رپورٹ اور سفارشات کے فریم ورک کو زیر بحث لایا گیا جس میں ڈیپارٹمنٹ اور ریجن کا اہم رول ہوگا جبکہ کھلاڑیوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے مفادکا بھی خیال رکھا جائے گا ، گورننگ بورڈ کے ممبران کی آراء کے بعد اسے منظور کرلیا گیا ، گورننگ بورڈ نے پی ایس ایل کے 2019ء کے بجٹ کی منظور ی دی ،بورڈ آف گورنرز کو پی ایس ایل کے انعقاد کے بارے میں تازہ ترین صورتحال اور اس کے کمرشل رائٹس کے بارے میں آگاہ کیا گیا ،آڈٹ اینڈ کرکٹ کمیٹی رپورٹ زیر بحث آنے کے بعد پی سی بی اور بی سی سی آئی تنازعہ کے بارے میں تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی ممبران کو بتایا گیا ،پی سی بی اور بی سی سی کے تنازعہ کے بارے میں بنائی گئی آئی سی سی کی ثالثی کمیٹی کی طرف سے مقدمہ کی لاگت کے بارے میں اعلان آج بدھ کو متوقع ہے ،بورڈ آف گورنرز نے پلیئر ویلفیئر پالیسی کے تحت سابق کرکٹرز کے معاوضہ میں بیس فی صد اضافہ کی منظور ی دی گئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں