کرکٹر شاہ زیب حسن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست پر وفاقی سیکرٹری داخلہ ،ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری

کسی تفتیشی محکمے کے پاس شکایت زیر التواء نہیں ،بیوی اور بچوں سے ملنے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے ‘کرکٹر کا موقف

بدھ 23 جنوری 2019 18:00

کرکٹر شاہ زیب حسن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست پر وفاقی سیکرٹری داخلہ ،ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے کرکٹر شاہ زیب حسن کی طرف سے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کیلئے دائر درخواست پر وفاقی سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 فروری کو جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے کرکٹر شاہ زیب حسن کی درخواست پر سماعت کی جس میںوفاقی حکومت ،ایف آئی اے ،پی سی بی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کرکٹر کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ میرے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم، پی سی بی یا کسی اور تفتیشی محکمے کے پاس شکایت زیر التواء نہیں ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے دباو پر میرا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے، میری اہلیہ اور بچے بیرون ملک ہیں جن سے کئی ماہ سے ملاقات نہیں کر سکا ،بیوی اور بچوں سے ملنے بیرون ملک جانا چاہتا ہوں مگر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام ہونے کی بناء پر بیرون ملک جا نہیں سکتا ، لہٰذا معزز عدالت سے استدعاہے کہ نام ای سی ایل سے خارج کرکے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے ۔جس پر فاضل عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 فروری کو جواب طلب کر لیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں