پی سی بی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نعمان بٹ معطل، پابندی عائد کر دی گئی

نعمان بٹ پر حساس دستاویزات شیئر کرنے اور چیئرمین پی سی بی کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا الزام ہے، پی سی بی

جمعرات 18 اپریل 2019 21:15

پی سی بی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نعمان بٹ معطل، پابندی عائد کر دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بورڈ آف گورنرز کے ایک رکن کی شکایت پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گورننگ بورڈ کے رکن نعمان بٹ پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں غیرمعینہ مدت کے لیے معطل کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز گورننگ بورڈ کے اجلاس میں خلاف ضابطہ قرارداد پیش کرنے اور مطالبات کی منظوری تک اجلاس کا بائیکاٹ کرنے پر گورننگ بورڈ کے رکن کو معطل کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے گورننگ بورڈ کے ایک رکن نے شکایت دائر کرتے ہوئے نعمان بٹ کو پی سی بی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا جہاں ان پر خفیہ معلومات افشا کرنے اور چیئرمین پی سی بی کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا ۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق نعمان بٹ پر حساس دستاویزات شیئر کرنے اور چیئرمین پی سی بی کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا الزام ہے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق نعمان بٹ پر حساس دستاویزات میڈیا سے شیئر کرنے کا الزام ہے اور انہوں نے چیئرمین پی سی بی کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔پی یس بی کے مطابق بورڈ کے آئین کے آرٹیکل 10(6) کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ان کی شکایت ایک آزاد ایڈجوکیتر کو مقرر کردیا ہے۔پی سی بی چیئرمین کے اس اقدام کے بعد آئین کے آرٹیکل10(7) کے تحت کوئی بھی رکن جس کے خلاف چیئرمین شکایت ایڈجوکیٹر کو ارسال کرے، نعمان بٹ کو بورڈ آف گورننس اور کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی،نعمان بٹ کے کیس کی سماعت جسٹس ریٹائرڈ فضل میرا چوہان کریں گے۔

شکایت گزار نے موقف اختیار کیا کہ نعمان بٹ نے غلط بیانات اور جھوٹے الزامات عائد کرنے کے ساتھ ساتھ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور پاکستان کرکٹ کے مفادات کے خلاف کام کیا۔شکایت گزار کی جانب سے نعمان بٹ پر پی سی بی آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی کا بھی الزام عائد کیا گیا۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں اکثریتی اراکین نے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) وسیم خان اور نئے مجوزہ ڈومیسٹک اسٹرکچر کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے مطالبات کی منظوری تک اجلاس میں بیٹھنے سے انکار کردیا تھا۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ کورم پورا نہ ہونے کے سبب اجلاس کو ملتوی کردیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں