یونس خان کے بعد مصباح الحق کا بھی انڈر19ٹیم کی کوچنگ سے انکار

یونس خان نے مالی معاملات طے نہ ہونے کے باعث پی سی بی کی پیشکش کو رد کردیا تھا

پیر 20 مئی 2019 21:31

یونس خان کے بعد مصباح الحق کا بھی انڈر19ٹیم کی کوچنگ سے انکار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2019ء) ماضی کے عظیم کھلاڑی یونس خان کے بعد پاکستان کی تاریخ کے سب سے کامیاب ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے بھی جونیئر ٹیم کی کوچنگ سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے نجی مصروفیات کی وجہ سے بورڈ کی پر کشش پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے وہ پہلے سے طے شدہ اپنی نجی اور گھریلو مصروفیات کے باعث بورڈ کے ساتھ کام نہیں کرسکتے ہیں، اگلے تین سال کے لیے ان کی مصروفیات طے ہیں، اس لیے وہ پاکستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ نہیں بن سکتے،اس سے قبل سابق کپتان یونس خان نے مالی معاملات طے نہ ہونے کے باعث پی سی بی کی پیشکش کو رد کردیا تھا۔

پی سی بی اگلے 3سال کیلئے دور جدید کے ایسے سابق کھلاڑی کو انڈر19 ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانا چاہتا ہے جو بچوں کے لیے رول ماڈل ہو اور کرکٹ حلقوں میں بھی قابل احترام ہو ، یونس خان اور مصباح الحق کو جونیئر ٹیم دیکر کرکٹ بورڈ طویل منصوبہ بندی کررہا تھا لیکن بدقسمتی سے بورڈ دونوں کے ساتھ دو مختلف وجوہ کی بناپر معاہدہ کرنے میں ناکام رہا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی بڑے کھلاڑی جونیئر ٹیم کی کوچنگ کے بجائے سینئر ٹیم لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں، جس کے باعث بورڈ کو مشکل پیش آرہی ہے،مصباح الحق آج بھی ایکٹیو کرکٹ کھیلتے ہیں اور ان دنوں وہ کراچی میں رمضان کرکٹ کھیل رہے ہیں جب کہ پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مصباح الحق کو کوچ بنانے کی کوشش کی تو انہوں انکار کردیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں