قومی انڈر۔ 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر مشتمل پی سی بی کے ہائی پرفارمنس کیمپ کا پہلا مرحلہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع، کیمپ کا دوسرا حصہ عیدکے بعد شروع ہوگا

پیر 22 جولائی 2019 14:56

قومی انڈر۔ 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر مشتمل پی سی بی کے ہائی پرفارمنس کیمپ کا پہلا مرحلہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع، کیمپ کا دوسرا حصہ عیدکے بعد شروع ہوگا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) قومی انڈر۔ 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر مشتمل پی سی بی کے ہائی پرفارمنس کیمپ کا پہلا مرحلہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پیر کو شروع ہوگیا۔ تمام 17کھلاڑیوں نے اتوار کی رات ہی کیمپ میں رپورٹ کردی تھی ۔ کیمپ کا مقصد جنوبی افریقہ انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کے خلاف وائٹ واش کرنے والے قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔

کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔ چھ ہفتوں پر مشتمل کیمپ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 22 جولائی سے شروع ہونے والے کیمپ کا پہلا حصہ عیدالاضحیٰ سے قبل مکمل ہوجائے گا جہاں تینوں فارمیٹ کے اعتبار سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے خصوصی محنت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کیمپ میں سینئر جنرل منیجر اکیڈمیز پی سی بی علی ضیاء، محسن کمال اور دیگر کوچز نے کھلاڑیوں کو لیکچرز دیئے۔

بعد میں کھلاڑیوں کو فٹنس کی ٹریننگ دی گئی اور رننگ کروائی گئی۔ کیمپ کا دوسرا حصہ عید کی چھٹیوں کے بعد شروع ہوگا جس میں مختلف پریکٹس میچز کا انعقاد کیا جائیگا۔ کیمپ کا مقصد قومی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ اور آئی سی سی انڈر۔19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 ء کیلئے بھی تیار کرنا ہے۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کو خصوصی طور پر سرخ رنگ کے گیند سے بھی پریکٹس کروائی جائے گی۔

ایشیا کپ کیلئے قومی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کے انتخاب کیلئے جونیئر سلیکشن کمیٹی بھی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔''ہائی پرفارمنس کیمپ میں طلب کئے گئے کھلاڑیوں میں روحیل نذیر (اسلام آباد)، حیدر علی (راولپنڈی)، عباس آفریدی (فاٹا)، اختر شاہ (کوئٹہ)، عامر علی (لاڑکانہ)، باسط علی (ملتان)، فہد منیر (لاہور)، عرفان نیازی (فیصل آباد)، محمد عامر (پشاور)، محمد حارث (پشاور)، محمد وسیم (فاٹا)، نسیم شاہ (لاہور)، قاسم اکرم (لاہور)، صائم ایوب (کراچی)، شیراز خان (راولپنڈی)، نیاز خان (پشاور) اور خیام خان (ایبٹ آباد) شامل ہیں۔ ریجنل اکیڈمیز میں اعلی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو بھی ہائی پرفارمنس کیمپ میں طلب کیا جاسکتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں