کھلاڑیوں کی خوراک کا خیال رکھنے والے کاظم حسین کی داستان

شعیب ملک کو کھانے میں پاستا پسندہے، امام الحق خوراک کے انتخاب میں محتاط رہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو اپنے ہاتھوں سے بنا کھانا کھلانے کی خواہش ہے، ایگزیکٹو شیف پی سی بی کاظم حسین کی پرلطف گفتگو

جمعرات 19 ستمبر 2019 16:44

کھلاڑیوں کی خوراک کا خیال رکھنے والے کاظم حسین کی داستان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2019ء) قذافی اسٹیڈیم لاہور سے متصل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گذشتہ 13 سال سے بطور ایگزیکٹو شیف ذمہ داریاں نبھانے والے کاظم حسین کا تعلق بھی اسی شہر سے ہے۔زندہ دلانِ لاہور کے باسی تو کھانے کے شوقین ہیں مگر کاظم حسین کھانا بنانے کے بھی ماہرہیں۔ کاظم حسین کویہ شوق اپنی والدہ کو کھانا پکاتے دیکھ کر پیدا ہوا۔

58سالہ کاظم حسین زمانہ طالب علمی میں کالج سے واپسی پر کھانا بنانے میں والدہ کا ہاتھ بٹاتے تھے۔شوق بڑھنے لگا تو مختلف کورسز کیے اور 1993 میں بطور شیف باقاعدہ ملازمت کا آغاز کردیا۔

ہوم سیریز کے دوران نجی ہوٹل میں رہائش اختیار کرنے والے قومی کرکٹرز کی اکثریت کاظم حسین کے ہاتھ سے بنے پکوان کی فرمائش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو شیف پی سی بی کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کیسابق کپتان شعیب ملک کو کھانے میں پاستا بہت پسند ہے۔

ان کی فرمائش پر انہیں گرین چلی سے بنا پاستا پیش کیا جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک این سی اے میں تیار پکوان کے معترف ہیں۔کاظم حسین نے کہا کہ این سی اے میں موجود غیرملکی کوچز کے لیے ان کی فرمائش پر بھی مخصوص کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔ عام طور پر وہ لزانیہ اور پاستا کھانے کے شوقین ہوتے ہیں۔کاظم حسین نے واضح کیا کہ خوراک کی تیاری میں کھلاڑیوں کے لیے پروٹین، کاربوہائیڈریٹس سمیت دیگر ضروری اجزاء کی خاص مقدار کو پیش نظر رکھا جاتا ہے۔



 کاظم حسین نے کہا کہ دراز قد محمد عرفان خوش خوراک ہیں تاہم امام الحق اپنی ڈائیٹ کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق دوپہر کے کھانے میں پھل اور دہی پرہی اکتفاء کرتے ہیں۔ کاظم حسین نے کہاکہ وہ انتخاب عالم، وسیم باری، سرفراز نواز اور راشد لطیف سمیت کئی نامور کرکٹرز کو کھانا کھلا چکا ہیں مگر ان کی خواہش وزیراعظم پاکستان عمران خان کواپنے ہاتھ سے تیارپکوان پیش کرنے کی ہے۔

انہوں نیکہا کہ پیٹرن ان چیف پی سی بی کو کھانے کھلانے کی خواہش ہمیشہ رہے گی۔

کاظم حسین دیگر 9 اراکین کے ہمراہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کچن میں ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی، قذافی اسٹیڈیم اور پی سی بی کے پکوان سے متعلق دیگر تمام معمالات دیکھنے والے کاظم حسین کو یقین ہے کہ ان کی ٹیم میں شامل تمام اراکین ان کے جانشین بننے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

ایگزیکٹو شیف پی سی بی نے واضح کیا کہ ان کے پاس جدید مشینری موجود ہے۔ جس کی مدد سے یہاں عالمی معیار کے مطابق پکوان تیار کیے جاتے ہیں۔ کاظم حسین نے کہا کہ انہیں فاسٹ فوڈ اور کانٹینٹل پکوان بنانے میں مہارت حاصل ہے۔ وہ اپنے کھانے خود بھی شوق سے کھاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پکوان دلفریب بنانے کے لیے اس کی ظاہری نفاست بھی ضروری ہے۔

 ملک اور بیرون ملک ملازمتیں کرنے والے کاظم حسین نے 2006 میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ایگزیکٹو شیف کی حیثیت سے انٹرویو دیا۔ایگزیکٹو شیف کی تعیناتی کے لیے آنجہانی کوچ باب وولمر، سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان ا ور ذاکر خان سمیت 9 رکنی بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ عہدے کے لیے 40 سے زائد امیدواروں نے ٹرائل دئیے تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں