پی سی بی پوڈ کاسٹ میں کیون روبرٹس کا انٹرویو

وقار یونس کا مستقبل کی حکمت عملی اور حسن علی کاجشن کے مخصوص انداز پر اظہار خیال قائداعظم ٹرافی کے پہلے راوٴنڈ کے میچز اور نیشنل ویمن ٹرائنگولر چیمپئن شپ کی تازہ ترین معلومات بھی پی سی بی کے تیسرے ایڈیشن میں شامل

جمعہ 20 ستمبر 2019 21:39

پی سی بی پوڈ کاسٹ میں کیون روبرٹس کا انٹرویو
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر2019ء) پی سی بی پوڈ کاسٹ کے تازہ ترین ایڈیشن میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون روبرٹس کے حالیہ دورہ اسلام آباد کی تفصیلات شامل ہیں۔ کیون روبرٹس کا دورہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی سے متعلق پی سی بی کی کوششوں کی ایک کڑی ہے۔

17 ستمبر بروز منگل کو اسلام آباد کا دورہ کرنے والے کیون روبرٹس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز اکتوبر میں لاہورآرہے ہیں۔



اکتوبر میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے عہدیداران بھی پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون روبرٹس کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں۔ہمارے نزدیک یہ پاکستان اور کرکٹ دونوں کے لیے مثبت ہوگا۔

(جاری ہے)



کیون روبرٹس نے کہا کہ آسٹریلوی نقطہ نظر سے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

ہم 2022 تک دورہ پاکستان سے متعلق مشورے لیتے رہیں گے تاہم اس دوران ہم دو طرفہ روابط میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری آمد کا مقصد ذاتی طور پر پاکستان کو عزت دینا ہے۔

کیون روبرٹس نے کہاکہ منگل کی صبح ہم لندن سے پاکستان پہنچے اور اس کے کچھ دیر بعد ہی ہماری وزارت داخلہ سے ملاقات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ء رہی تاہم آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد کے لیے انہیں ابھی مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔



کیون روبرٹس نے کہا کہ سب سے خوش آئند عمل یہ ہے کہ وزارت داخلہ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ دورے کے دوران ہم نے چند ہی ماہ قبل پاکستان پہنچنے والے آسٹریلیا ہائی کمیشن سے بھی ملاقات کی۔وہ بھی پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔ شہر کے دورے کے دوران ہم نے کرکٹ کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔



پی سی بی پوڈ کاسٹ کے تیسرے ایڈیشن میں قومی کرکٹ ٹیم کے باوٴلنگ کوچ وقار یونس اور فاسٹ باوٴلر حسن علی کے انٹرویوز بھی شامل ہیں۔

وقار یونس نے انٹرویو کے دوران مستقبل کی حکمت عملی بتانے کے ساتھ ساتھ نوجوان فاسٹ باوٴلر زکی تربیت اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔



پوڈ کاسٹ میں حسن علی نے وکٹ حاصل کرنے کے بعد اپنے مخصوص انداز میں جشن منانے کے طریقہ کار اور جنریٹر کے نام سے مشہور ہونے پر اظہار خیال کیا۔

قائداعظم ٹرافی کے ایک میچ کے دوران حسن علی کی ا ن کے مداح کے ہمراہ ایک ویڈیو کو سوشل میڈیا پر 61.3 ہزار ناظرین نے دیکھا۔

ان 3 انٹرویوز کے علاوہ قائداعظم ٹرافی اور نیشنل ویمن ٹرائنگولر چیمپئن شپ کی تازہ ترین معلومات بھی پی سی بی پوڈکاسٹ کے تیسر ایڈیشن کا حصہ ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں