فاطمہ ثنا کی عمدہ بالنگ اور ڈیانا بیگ کی شاندار بیٹنگ نے پی سی بی چیلنجرز کو فتح دلا دی

نیشنل ویمن چمپئن شپ میں پی سی بی بلاسٹرز کو پہلی بار شکست کا سامنا،فاطمہ ثنا نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی

ہفتہ 21 ستمبر 2019 22:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین چمپئنشپ کے چوتھے میچ میں پی سی بی چیلنجرز نے پی سی بی بلاسٹرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہور جمخانہ کلب گرانڈ میں جاری ایونٹ میں یہ پی سی بی بلاسٹرز کی پہلی ناکامی ہے۔ فاتح ٹیم نے 186رنز کا ہدف 47.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔ اس سے قبل پی سی بی چیلنجرز کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔

15 کے مجموعی اسکور پر پی سی بی بلاسٹرز کی اوپنر عائشہ ظفر 14رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ جس کے بعد عمیمہ سہیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 5 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی۔ عمیمہ سہیل121 گیندوں پر 73 رنز اسکور کرنے کے بعد فاطمہ ثنا کی گیند پر آئوٹ ہوگئی۔ پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے فاطمہ ثنا نے یکے بعد دیگرے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے ایونٹ کی فیورٹ ٹیم کو بڑا ہدف بنانے سے روک دیا۔

(جاری ہے)

پی سی بی بلاسٹرز کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنزہی بناسکی۔ فاطمہ ثنا نے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔ سیدہ عروب شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔پی سی بی چیلنجرز نے مطلوبہ ہدف 47.2 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا۔ 186 رنز کے تعاقب میں پی سی بی چیلنجرز کی اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ رہا۔

21 کے مجموعی اسکور پر اوپنر حرینہ سجاد اور کپتان بسمعہ معروف پویلین واپس لوٹ چکی تھیں جس کے بعد جویریہ رف اور نتالیہ پرویز کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جویریہ رف نے 48 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔ تاہم لوئر آرڈر میں ڈیانا بیگ اور صبا نذیر کے درمیان 30 رنز کی شراکت نے پی سی بی چیلنجرز کی میچ میں گرفت مضبوط کردی۔

ڈیانا بیگ کے ناقابل شکست 35رنز کی بدولت پی سی بی چیلنجرز نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں قبل حاصل کرلیا۔ پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے عالیہ ریاض نے 45 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔میچ میں شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرنے پر فاطمہ ثنا کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔ایونٹ کا پانچواں میچ 23 ستمبر کو پی سی بی ڈائنامائٹس اور پی سی بی بلاسٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں