قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راوٴنڈ کا پہلا روز مکمل

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راوٴنڈ کا آغاز ہوگیا۔21 ستمبر بروز ہفتہ سے شروع ہونے والا راوٴنڈ 24 ستمبر بروز منگل تک جاری رہے گا

ہفتہ 21 ستمبر 2019 20:23

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راوٴنڈ کا پہلا روز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2019ء) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راوٴنڈ کا آغاز ہوگیا۔21 ستمبر بروز ہفتہ سے شروع ہونے والا راوٴنڈ 24 ستمبر بروز منگل تک جاری رہے گا۔

11 سال بعد کوئٹہ میں جاری فرسٹ کلاس میچ کے پہلے روز بلے بازوں کا راج رہا۔ بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے عظیم گھمن اور عمران فرحت کی سنچریوں کی بدولت4 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنالیے۔

اس سے قبل ایک دہائی بعدکوئٹہ میں فرسٹ کلاس کرکٹ میچ کے لیے دونوں ٹیموں کے کپتان میدان میں اترے تو شان مسعود کی جانب سے پہلی بار نو ٹاس قانون کا استعمال کیا گیا۔ بلوچستان کی جانب سے عمران بٹ اور عظیم گھمن کے درمیان 129 رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی۔

(جاری ہے)

عمرا ن بٹ 66 رنز بناکرآوٴٹ ہوئے۔ابوبکر خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعدکپتان عمران فرحت اور عظیم گھمن کے درمیان 181 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

عمران فرحت 118 گیندوں پر 117 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے۔دن کے اختتام تک عظیم گھمن 14 چوکوں کی مدد سے 143 اورمقامی کھلاڑی بسمعہ اللہ خان 4 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔سدرن پنجاب کے باوٴلرز نے میچ کے پہلے روز 84 اوورز میں 11 اضافی رنز دئیے۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری میچ کے پہلے روز سنٹرل پنجاب نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 369 رنز بنالیے ہیں۔

کامران اکمل نے 157 اور اظہرعلی نے ناقابل شکست 130رنز بنائے۔اس سے قبل ناردرن کرکٹ ٹیم کے کپتان عمر امین نے ٹاس کیے بغیر پہلے باوٴلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے سلمان بٹ اور رضوان حسین نے اننگز کا آغاز کیا۔ سنٹرل پنجاب کے پہلے 4 کھلاڑی 134کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکے تھے کہ چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے تجربہ کار کامران اکمل نے کپتان اظہر علی کے ہمراہ ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 235رنز کی شراکت قائم ہوئی۔دن کے اختتام پر کامران اکمل 157 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر آوٴٹ ہوگئے۔ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل ہیں۔دوسری جانب کپتان اظہر علی 110 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ناردرن کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باوٴلر محمد موسیٰ نے3 جبکہ رضا حسن اور نعمان علی نے 1،1 کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کا پہلا روز میزبان ٹیم کے نام رہا۔

عمر بن یوسف کے 133 رنز کی بدولت سندھ نے دن کے اختتام تک 254 رنز بنائے او ر اس کے 2 کھلاڑی آوٴٹ ہوئے۔ اس سے قبل نو ٹاس قانون کا استعمال کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے پہلے باوٴلنگ کا فیصلہ کیا۔ سندھ کی جانب سے خرم منظور اورعمر بن سہیل نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں کے درمیان 130 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ خرم منظور 152 گیندوں پر 40 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔ دوسرے آوٴٹ ہونے والے بیٹسمین سعد علی تھے جنہوں نے 1 اسکور کیا۔ تیسری وکٹ کے لیے عمر بن سہیل اور اسد شفیق کے درمیان 124 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوچکی ہے۔ دن کے اختتام پر عمر بن سہیل 133 اور کپتان اسد شفیق 68 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔خیبرپختونخوا کی جانب سے عادل امین نے 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں