قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل

ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں جاری میچ میں بلوچستان کو جیت کے لیے مزید 205 رنز اور سدرن پنجاب کو 10 وکٹیں درکار ہیں

ہفتہ 21 ستمبر 2019 20:50

قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2019ء) ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں جاری میچ میں بلوچستان کو جیت کے لیے مزید 205 رنز اور سدرن پنجاب کو 10 وکٹیں درکار ہیں۔میچ کے دوسرے روز 219 رنز کے تعاقب میں بلوچستان نے 18 رنز 2 کھلاڑی آوٴٹ سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پوری ٹیم 109 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ بلوچستان کے صرف 4 بیٹسمین ڈبل فگر میں داخل ہوسکے۔

پہلے راوٴنڈ میں 10 کھلاڑیوں کوآوٴٹ کرنے والے سدرن پنجاب کے مینٹور ذوالفقار بابر نے دوسرے راوٴنڈ کی پہلی اننگز میں بھی 6 شکار کیے۔ذوالفقار بابر نے 18 اوورز میں 45 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔بلوچستان کی جانب سے محمد جنید نے سب سے زیادہ 29 رنز اسکور کیے۔دوسری اننگز میں سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکی اور پوری ٹیم 101 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔

(جاری ہے)

سلمان علی آغا نے سب سے زیادہ 25 رنز اسکور کیے۔بلوچستان کی جانب سے جلات خان نے 6 جبکہ اختر شاہ اور محمد جنید نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ سدرن پنجاب کی دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 210 رنز کی برتری کے تعاقب میں بلوچستان کرکٹ ٹیم نے دن کے اختتام تک 3 اوورز میں 5 رنز بنالیے اور اس کے دونوں اوپنر ز کریز پر موجود ہیں۔ بلوچستان کی جانب سے اسامہ رزاق 4 اور شہزاد ترین 0 اسکور سے میچ کے آخری روزبیٹنگ کا آغاز کریں گے۔



نیشنل بنک اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز مہمان ٹیم کا پلڑا بھاری رہا۔ خیبرپختونخوا کو میچ میں مجموعی طور پر 389 رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے اور اس کی ابھی 4 وکٹیں باقی ہیں۔ اس سے قبل سندھ نے 11 رنز 2 کھلاڑی آوٴٹ سے دن کا آغاز کیا تو خیبرپختونخوا کی باوٴلنگ لائن اپ کے سامنے میزبان ٹیم کا کوئی کھلاڑی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔

سیف اللہ بنگش نے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے۔سندھ کی پوری ٹیم 138 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔خالد عثمان نے 4 اور آصف آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ ادھر خیبرپختونخوا کی جانب سے اوپنر اعتزاز حبیب خان نے دوسری اننگز میں 71 رنز اسکور کیے۔ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ دن کے اختتام کے تک میزبان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنالیے ہیں ۔



میر پور آزاد جموں و کشمیر میں سنٹرل پنجاب اور ناردرن کرکٹ ٹیموں کے درمیان بارش سے متاثرہ میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔ میزبان ٹیم نے 86رنز 2 کھلاڑی آوٴٹ سے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو مڈل آرڈربیٹسمین شعیب احمد کے ناقابل شکست 106 رنز کی بدولت ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے تھے کہ کپتان فیضان ریاض نے اننگز ڈکلیئر کردی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے محمد علی نے 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔دن کے اختتام تک سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے۔ علی زریاب 34 اور علی وقاص 18 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ناردرن کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کو سلمان ارشاد نے آوٴٹ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں