پی سی بی نے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ میچ کی فیس میں کئی گنا اضافہ کر دیا

کھلاڑیوں کی جانب سے ٹیسٹ میچوں سے ریٹائرمنٹ لینے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد پی سی بی نے ٹیسٹ میچ فیس ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ کر دی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 22 ستمبر 2019 13:00

پی سی بی نے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ میچ کی فیس میں کئی گنا اضافہ کر دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22ستمبر2019ء) پی سی بی نے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ میچ کی فیس میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے جبکہ وہاب ریاض نے غیرمعینہ مدت کیلئے ریڈ بال کرکٹ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے اور اب کھلاڑاوں کی جانب سے ٹیسٹ میچوں سے ریٹائرمنٹ لینے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد پی سی بی نے ٹیسٹ میچ فیس ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی دلچسپی بڑھانے کیلئے ٹیسٹ میچ کی فیس کئی گنا بڑھا دی ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق اے کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو فی ٹیسٹ7 لاکھ 62 ہزار300 روپے فیس ادا کی جائے گی جبکہ انہیں ون ڈے میں4 لاکھ 68ہزار815روپے اور ٹی ٹوئنٹی میچ میں3لاکھ 38ہزار250 روپے بطور فیس ملیں گے۔

(جاری ہے)

ان کھلاڑیوں کے لیے دیگر بونسز اور لوگو فیس الگ ہے۔

اس کے بعد پی سی بی کی جانب سے بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ میچ کی فیس 6لاکھ65 ہزار 280 روپے، ون ڈے میچ کی فیس 3لاکھ 90ہزار33 اور ٹی ٹوئنٹی میچ کی فیس 2 لاکھ 70ہزار600 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اب سی کیٹیگری کے حامل کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ میں بطور فیس5لاکھ68ہزار260 روپے دیے جائیں گے جبکہ ون ڈے میچ فیس3 لاکھ12 ہزار543روپے ہوگی اور ٹی ٹوئنٹی میچ کی فیس 20میں2 لاکھ 2 ہزا ر 950 روپے ادا کی جائے گی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق یہ اقدام ٹیسٹ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی دلچسپی بڑھانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ دوسری جانب پی سی بی نے ڈومیسٹک ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کوسنٹرل کنٹریکٹ دےدیا ہےجو 16 صفحات پر مشتمل ہے ،کھلاڑی ایک ہفتے میں معاہدے پر دستخط کرنے کے پابند ہوں گے ،کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کے ساتھ اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ کوڈ بھی فراہم کئے گئے ہیں.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں