ملک میں سپورٹس بحال ہورہی ہے، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے مشکور ہیں جنہوں نے پنجاب کے دستے کی شرکت کے لئے خطیر رقم فراہم کی ہے‘ صوبائی وزیر کھیل

پیر 14 اکتوبر 2019 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ ملک میںکھیلیں بحال ہورہی ہیں، 6سال بعد نیشنل گیمزمنعقد ہورہی ہیں، 26 اکتوبر کو پشاور میں شروع ہونے والی 33ویں نیشنل گیمز میںپنجاب کا 450کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل دستہ شرکت کریگا، ہم وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے مشکور ہیں جنہوں نی33ویں نیشنل گیمز پشاور میں پنجاب کے دستے کی شرکت کے لئے خطیر رقم فراہم کی ہے، کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں اور میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی انعامات دیں گے، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عامر جان نے کہا ہے کہ33ویں نیشنل گیمز پشاور میں پنجاب کے کھلاڑی پوری تیاری کیساتھ شرکت کریں گے اور بہتر نتائج دیں گے، تربیتی کیمپ جلد شروع کردینگے، کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر ہوگا، پنجاب حکومت کی جانب سے خطیر رقم فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب اور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد الکھ کے شکرگزار ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، سیکرٹری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن محمد خالد محمود، سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ 6 سال بعد نیشنل گیمز منعقد ہورہی ہیں جبکہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے 8سال بعد پنجاب گیمز کرائی ہیں، یہ گیمز چینجر ثابت ہوں گی، ملک میں سپورٹس بحال ہورہی ہے،33ویں نیشنل گیمز کے لئے لگائے جانے والے تربیتی کیمپ کو مانیٹر کریں گے، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن سے مکمل تعاون کررہے ہیں، ہم وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ممنون ہیں کہ انہوں نے ہمارے تمام مطالبات منظور کئے ہیں اور نیشنل گیمز کے لئے خطیر فنڈز کی منظوری دیدی ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پنجاب کا دستہ 33ویںنیشنل گیمز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی انعامات دیں گے، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ ہم حکومت میں آئے تو 200سکیمیں ہمیں ورثہ میں ملیں، جن میں سے 150 کے قریب ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، ان منصوبوں کو جلدازجلد مکمل کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، 30تحصیلوں میں سپورٹس کے منصوبے شروع کئے ہیں جہاں اس سے قبل سپورٹس کی کوئی سہولت میسر نہیں تھی، کھلاڑیوں کوآنے والے سالوں میں بہترین سہولتیں فراہم کریں گے تاکہ ان کے کھیل میں بہتری آئے۔

پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عامر جان نے کہا ہے کہ پنجاب کا دستہ صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی اور سیکرٹری سپورٹس پنجا ب ندیم محبوب کی قیادت میں پشاور روانہ ہوگا، نیشنل گیمز کے لئے تیاریاں بھرپور انداز میں کررہے ہیں، تربیتی کیمپ د وروز میں شروع ہوجائیں گے، کھلاڑیوں کا انتخاب سو فیصد میرٹ پر ہوگا، ہم صرف سپورٹس کی ترقی چاہتے ہیں، اس معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شکایات کیلئے ایک کمیٹی بنائی ہے جس میں کھلاڑی، آفیشلز اور ایسوسی ایشن رجوع کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ 2012کی نیشنل گیمز میں پنجاب کی تیسری پوزیشن تھی، اب پرامید ہیں کہ ہم اس سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ میڈلز جیت کر آئیں گے، عامر جان نے کہا کہ پنجاب حکومت، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی ودیگر کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے فنڈز جاری کئے ہیں، نیشنل گیمز میں شرکت کرنے والے ہر کھلاڑی کو یومیہ 700روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد خالد محمود نے کہا ہے کہ تمام سپورٹس ایسوسی ایشنز کو33ویں نیشنل گیمز میں شرکت کی دعوت دی ہے ، جہاں ایسوسی ایشنز کا مسئلہ ہے وہاں انتظامی کمیٹی بنادی گئی ہے، ہر کھلاڑی کو نیشنل گیمز میں حصہ لینے کا موقع فراہم کریں گے۔پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے دستہ کو بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کررہے ہیں، کھلاڑیوں کو روزانہ اچھی خوراک کے ساتھ پھل بھی دیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں