پی سی بی نے سرفراز احمد سے بدتمیزی کرنے والے صحافی کا ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کردیا

کرکٹ بورڈ نے صحافی پر قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی

منگل 15 اکتوبر 2019 16:33

پی سی بی نے سرفراز احمد سے بدتمیزی کرنے والے صحافی کا ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے بدتمیزی کرنے والے صحافی کا ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کردیا۔گزشتہ دنوں سرفراز احمد نے صحافیوں کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ کی کپتانی سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اسد شفیق کو ان کی جگہ کپتان بنایا گیا۔

صحافی نے سرفراز احمد سے پوچھا تھا کہ آپ نے سری لنکا سے شکست پر قوم کو مایوس کیا، اس بری کارکردگی پر آپ کے مستقبل میں میچ دیکھنے کون آئے گا پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے فیصل آباد کے صحافی نے جس انداز میں بدتمیزی کی، اس پر ٹیسٹ وکٹ کیپر سخت ناراض ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ سرفراز احمد کے ساتھ ایک مقامی صحافی نے بدتمیزی کی تھی جس پر بورڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صحافی کا ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کردیا اور نجی ٹی وی کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

کرکٹ بورڈ نے صحافی پر قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ میڈیا کے حوالے سے بورڈ کی پالیسی کلیئر ہے کہ کرکٹرز ہمارے ہیروز اور اسٹار ہیں، ان سے سوالات ضرور پوچھے جائیں لیکن کسی کو بدتمیزی یا اخلاقی حدود پار کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ سوال پوچھنا میڈیا کا حق ہے لیکن کسی کو بدتمیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سرفراز سے سوالات پوچھنے والے غیر معروف ضرور تھے تاہم چند کے سوالات میں بدتمیزی کا عنصر نمایاں تھا۔ اس رویے کے بعد سرفراز احمد نے کپتانی چھوڑکر سب کو حیران کردیا۔عام طور پر پی سی بی حکام پریس کانفرنس کو خود کنٹرول کرتے ہیں تاہم قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل پوری پریس کانفرنس کا محور سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی رہی۔ذرائع کے مطابق سرفراز احمد جیسے ہی پریس کانفرنس سے واپس آئے تو وہ سخت اپ سیٹ تھے، انہوں نے فوری طور پر ٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ میں کپتانی نہیں کرنا چاہتا، میری کردار کشی کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں