سدرن پنجاب نے خیبرپختونخوا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

مڈل آرڈر بیٹسمین سیف بدر کے ناقابل شکست 49 رنز, وہاب ریاض کی آلراوٴنڈر کارکردگی نے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا

بدھ 16 اکتوبر 2019 12:27

سدرن پنجاب نے خیبرپختونخوا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2019ء) ایونٹ کے تیسرے روز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے خیبرپختونخوا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے سیف بدر نے ناقابل شکست 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہاب ریاض کی میچ میں 3 وکٹیں اور 42 رنز کی برق رفتار اننگز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سدرن پنجاب نے 155رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔


اس سے قبل خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ وہاب ریاض کی عمدہ باوٴلنگ کے سامنے خیبرپختونخوا کی اننگز کا آغاز متاثرکن نہ رہا اور 51 رنز پر 4کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد کپتان محمد رضوان نے جارحانہ مزاج بلے باز خوشدل شاہ کے ہمراہ 83 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 154 تک پہنچانے میں مدد دی۔

(جاری ہے)

محمد رضوان 45 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ نے 32 گیندوں پر ناقابل شکست 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے وہاب ریاض نے 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ درازقد محمد عرفان اور عامر یامین نے 1،1 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

جواب میں سدرن کی جانب سے بھی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ تھا اور محض 51 رنز پر اس کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔

جس کے بعد سیف بدر اور عامر یامین نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کے درمیان 55 رنز کی شراکت نے سدرن پنجاب کی میچ میں پوزیشن مستحکم کردی۔ سیف بدر نے ناقابل شکست 49 رنز بنائے تاہم وہاب ریاض نے اختتامی لمحات میں 17 گیندوں پر برق رفتار 42 رنز بنا کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔ وہاب ریاض کی جارحانہ اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ سدرن پنجاب نے مطلوبہ ہدف 9 گیندوں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے اسپنر محمد محسن نے 3کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
ایونٹ میں بدھ کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں خیبرپختونخوا اور سندھ جبکہ دوسرے میچ میں سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں