قومی ٹی ٹونٹی کپ، سندھ نے خیبرپختونخوا کو 8 رنز سے ہرا دیا، انور علی کی 3 اور حسنین کی 2 وکٹیں

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:49

لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) قومی ٹی ٹونٹی کپ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو 8 رنز سے شکست دے دی۔ محمد حسنین اور انور علی نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح دلائی۔ بدھ کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو 8 رنز سے شکست دے دی۔ 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز ہی بناسکی۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز خرم منظور اور احسان علی نے 83 رنز کی شراکت قائم کر کے سندھ کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم اس کے بعد خیبرپختونخواکی ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے حریف ٹیم کے کسی اور کھلاڑی کو زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرنے دیا۔

(جاری ہے)

احسان علی نے 37 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 64 ر نز کی اننگز کھیلی۔

خرم منظور 35 رنز بنا کر سندھ کے دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ سندھ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز اسکور کئے، عمر خان، جنید خان، عثمان خان شنواری، عمران خان جونیئر اور محمد محسن نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں خیبرپختونخوا کی جانب سے بھی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور محض 48 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور افتخار احمد کے ساتھ 52 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ میں ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔

افتخار احمد کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان نے عادل امین کی کریز پر موجودگی کا بھی بھرپور فائدہ اٹھایا اور پانچویں وکٹ کے لئے 41 رنز کی شراکت قائم کی۔ خیبرپختونخوا کو آخری اوور میں جیت کے لئے 20 رنز درکار تھے تاہم کپتان محمد رضوان 70 کے انفرادی اسکور پر ہمت ہار گئے۔ 43 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ مقررہ 20 اوورز میں خیبرپختونخوا کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز ہی بناسکی۔ سندھ کی جانب سے فاسٹ باؤلر انور علی نے 30 رنز کے عوض 3 اور محمد حسنین نے 29 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ایونٹ میں جمعرات کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں بلوچستان اور سدرن پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں ناردرن اور سندھ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں