نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا پانچواں روز، سدرن پنجاب اور سندھ فاتح

جمعہ 18 اکتوبر 2019 00:10

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سدرن پنجاب نے فاسٹ باؤلر ضیاء الحق کی شاندار باؤلنگ کی بدولت بلوچستان کو 7وکٹوں سے شکست دے دی‘ میچ میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا‘ بلوچستان کا ٹاپ آرڈر ضیاء الحق کی باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا اور 52 اسکور پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گی‘ مڈل آرڈر بلے باز فہد اقبال نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 22 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے‘ بلوچستان کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 100 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ضیاء الحق نے 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی‘ محمد عمران اور ذوالفقار بابر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سدرن پنجاب کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

اوپنر زمختار احمد 29اور ذیشان اشرف 25 رنز بنا کر ٹاپ اسکوررز رہے‘ بلوچستان کی جانب سے عاطف جبار نے 2 وکٹیں حاصل کیں‘دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سندھ نے ناردرن کو 3وکٹوں سے شکست دے دی‘ اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا‘ناردرن کے پہلے 3 کھلاڑی محض 26رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے‘ جس کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین شعیب احمد نیذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دوسرے اینڈ سے تنہا 76 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 140 تک پہنچانے میں مدد دی‘اختتامی اوورز میں اسامہ میر نے 6 گیندوں پر ناقابل شکست 16 رنز بنائے‘ شعیب احمد کی 76 رنز کی اننگز میں 10 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا‘سندھ کی جانب سے محمد عمر اور حسان خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا‘ جواب میں سندھ کی جانب سے بھی اننگز کا آغاز متاثرکن نہ رہا اور صرف78 اسکور پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔

اس موقع پر کپتان سیف اللہ بنگش نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیااور 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو3 وکٹوں سے کامیابی دلادی‘ سندھ کی ٹیم نے 141 رنز کا ہدف 4 گیندیں قبل حاصل کرلیا‘ 27 گیندوں پر مشتمل سیف اللہ بنگش کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے‘ناردرن کی جانب سے رضا حسن اور نعمان علی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔والدہ کے انتقال کے باعث سندھ کے کپتان رمیز راجہ جونیئرکو میچ ادھورا چھوڑ کرجانا پڑا جبکہ جاہد علی نے بطور متبادل ٹیم کو جوائن کیا۔

اس موقع پرسندھ کی کمان وکٹ کیپر بلے باز سیف اللہ بنگش نے سنبھالی‘ایونٹ میں جمعہ کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے‘ پہلے میچ میں سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں ناردرن اورخیبرپختونخوا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں