ندیم خان قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے کوآرڈینٹر مقرر

جمعہ 18 اکتوبر 2019 00:10

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) سابق ٹیسٹ اسپنر ندیم خان کو قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینٹر مقرر کردیا گیا ہے۔ندیم خان صوبائی ٹیموں کے کوچز اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے‘ کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ 6 کوچز سے رابطہ کرکے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی رپورٹ تیار کرکے سلیکشن کمیٹی کو پیش کرے۔

ندیم خان کا سلیکشن کمیٹی میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔ کوآرڈینٹر کا عہدہ سنبھالنے والے ندیم خان کا شمار سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں نہیں ہوگا‘6 ریجنل کوچز سے مسلسل رابطے میں رہنا اور ملک بھر میں جاری ڈومیسٹک کرکٹ میچوں کو دیکھ کر مفصل رپورٹ تیار کرنا ندیم خان کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا‘ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے ندیم خان کو پی سی بی فیملی کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ندیم خان کا شمارپاکستان کے انتہائی معتبر کرکٹرز میں ہوتا ہے وہ ڈومیسٹک کرکٹ کا وسیع علم رکھتے ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر تقرری کے وقت پی سی بی نے واضح کیا تھا کہ وہ مصباح الحق کو اپنے اہداف کے حصول میں مکمل مدد کریں گے اور ندیم خان کی تقرری اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

49 سالہ ندیم خان پاکستان کے لیے 2 ٹیسٹ، 2 ایک روزہ میچوں میں نمائندگی کے ساتھ ساتھ 153 فرسٹ کلاس میچ بھی کھیل چکے ہیں‘ندیم خان 17-2016 میں قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ رہ چکے ہیں‘ندیم خان 2 مرتبہ ایشیاکپ میں اور ایک بار آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے منیجررہ چکے ہیں‘ندیم خان ای سی بی لیول 2 سرٹیفائیڈ کوچ ہیں‘ندیم خان مائیکل وان اکیڈمی میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں‘ندیم خان اس وقت یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کے سربراہ ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں