آرش علی خان کی عمد باؤلنگ نے سندھ کو مسلسل تیسری کامیابی دلادی

ناصر فراز کی جارحانہ اننگز نے خیبرپختونخوا کو فتح دلادی محمد حریرہ اور قاسم اکرم کی شاندار سنچریوں نے سنٹرل پنجاب کو 6 رنز سے فتحیاب کردیا

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 22:18

آرش علی خان کی عمد باؤلنگ نے سندھ کو مسلسل تیسری کامیابی دلادی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2019ء) سندھ نے ناردرن کو 35 رنز سے شکست دے کر قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔سندھ کی جانب سے کاشف علی نے نصف سنچری بنائی تاہم اسپنر آرش علی خان کی بہترین باؤلنگ نے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔اسٹیٹ بنک گراؤنڈ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

میزبان ٹیم کے بلے باز حسن عابد کیانی کی گھومتی گیندوں کے سامنے بے بس دیکھائی دئیے تاہم مڈل آرڈر بلے باز کاشف علی کے 56 رنز کی بدولت سندھ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ ناردرن کی جانب سے اسپنرحسن عابد کیانی نے 18 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

(جاری ہے)

البتہ ناردرن کے بلے بازوں نے حسن عابد کیانی کی محنت پر پانی پھیر دیا اور 184 رنز پر مشتمل آسان ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 47.2 اوورز میں 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ناردرن کی آخری 7 وکٹیں محض 45 رنز پر گریں۔ زید خان 40 اور حسن عابد کیانی 38 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ سندھ کی جانب سے آرش علی خان نے 22 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا نے مڈل آرڈر بلے با ز ناصرفراز کے ناقابل شکست 81 رنز کی بدولت سدرن پنجاب کو6وکٹوں سے مات دے دی۔ اس سے قبل خیبرپختونخوانیٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتاہم شہر میں ہونے والی بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے پیش نظر دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 38 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب کی ٹیم نے مقررہ 38 اوورز میں9وکٹوں کے نقصان پر 158رنز بنائے۔ محمد آصف 37 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر ہے۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے میڈیم پیسراظہار احمد نے 3 اوراسپنر حارث خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں خیبرپختونخوا نے مطلوبہ ہدف 10 اوورز قبل حاصل کرلیا۔ناصر فراز کی جارحانہ اننگز کی بدولت خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 28 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

ناصر فراز نے 66 گیندوں پر 12 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سدرن پنجاب کے اسپنر حارث جاوید نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ادھر جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں سنٹرل پنجاب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بلوچستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈکے تحت6 رنز سیشکست دے دی۔سنٹرل پنجاب کی جانب سے اوپنر محمد حریرہ اور مڈل آرڈر بلے باز قاسم اکرم نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔

اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر محمد حریرہ کی جانب سے لاجواب 162اور مڈل آرڈر بلے باز قاسم اکرم کے شاندار 100رنزکی بدولت سنٹرل پنجاب نے مقررہ 50 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر352رنز بنائے۔ 140 گیندوں پر مشتمل محمد حریرہ کی اننگز میں 18 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ قاسم اکرم نے 88 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے۔

سنٹرل پنجاب کی جانب سے محمد جنید اور محمد نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کے اوپنر عبدالواحد اور مڈل آرڈر بیٹسمین نے شاندار سنچریاں اسکور کیں مگر وہ ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔ عبدالواحد نے 14 چوکوں ا ور 2 چھکوں کی مدد سے 116 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد نے 99 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 195 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی بلوچستان کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا ہوگئی اور ہدف کے تعاقب میں مقررہ 49.2 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز ہی بناسکی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے سید فہیم جعفری اور قاسم اکرم نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈک ورتھ لوئس میتھڈکے تحت بلوچستان کو 49.2 اوورز میں 346 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں