سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ ،سدرن پنجاب نے سندھ کو5 رنز سے شکست دے دی

سدرن پنجاب کے مقبول احمد کی نصف سنچری، عطاء اللہ اور محمد علی خان کی عمدہ باوٴلنگ نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا

پیر 21 اکتوبر 2019 18:53

سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ ،سدرن پنجاب نے سندھ کو5 رنز سے شکست دے دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2019ء) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں پیرکے روز ایک ہی میچ کھیلا گیا۔ 21 اکتوبر کو کھیلے جانے والے واحد میچ میں سدرن پنجاب نے سندھ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی۔ سدرن پنجاب کی جانب سے مقبول احمد نے نصف سنچری اسکور کی تاہم فاسٹ باوٴلرز عطاء اللہ اور محمد علی خان نے مشترکہ طور پر 7 وکٹیں حاصل کرکے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔


اس سے قبل سندھ کے کپتان رمیز راجہ جونیئر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ 20 اسکور پر 2وکٹیں گرنے کے بعدسدرن پنجاب کے مڈل آرڈر بلے باز مقبول احمد اور اوپنر ذیشان اشرف نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ د ونوں کے درمیان 44رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

(جاری ہے)

اوپنر ذیشان اشرف 36 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے تاہم مڈل آرڈر بلے باز مقبول احمد کی نصف سنچری نے سدرن پنجاب کا مجموعہ 150 اسکور تک پہنچانے میں مدد دی۔

مقبول احمد نے 43 گیندوں پر3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے50 رنز کی اننگز کھیلی۔ سدرن پنجاب کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ سندھ کی جانب سے فاسٹ باوٴلرز محمد عمر اور شاہ نواز نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
جواب میں جاہد علی اور رمیز راجہ جونیئر پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے سندھ کو 62 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا مگر اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی سدرن پنجاب کے فاسٹ باوٴلرز کے سامنے کریز پر نہ ٹھہر سکا۔

سندھ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بناسکی۔اوپنر جاہد علی 40 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔سدرن پنجاب کی جانب سے عطاء اللہ نے 25 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فاسٹ باوٴلر محمد علی خان نے32 رنز کے عوض3کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
ایونٹ میں منگل کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا جبکہ دوسرے میچ میں ناردرن اوربلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں